حکومت کے امور میں مداخلت کے سبب مختلف ملازمین کی ترقی میں رکاوٹ
حیدرآباد۔ ریاستی حکومت ، موظف عہدیدار اور ملازمین چلا رہے ہیں اور برسرکار ملازمین میں ان کی موجودگی کے سبب ناراضگی پائی جاتی ہے کیونکہ ان کے سینیئر عہدیداروں کی حکومت میں برقراری ان کیلئے مسائل کا سبب بننے لگی ہے کیونکہ ان موظف عہدیداروں کی موجودگی ان عہدیداروں کی ترقی میں کئی مقامات پر رکاوٹ بننے لگی ہے کیونکہ ریاستی حکومت کی جانب سے ان عہدیداروں کی خدمات میں توسیع کے ذریعہ کام کاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا جا رہاہے جس کے سبب برسرکار عہدیداروں کو ترقی کے مواقع دستیاب نہیں ہو رہے ہیں اور سینیئر عہدیداروں کی موجودگی کے سبب وہ آزادی کے ساتھ اپنی خدمات انجام نہیں دے پا رہے ہیں۔ریاست تلنگانہ میں مختلف عہدوں پر ریاستی حکومت کی جانب سے جملہ 54 مؤظف عہدیداروں کو وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد دیگر عہدے فراہم کئے گئے ہیں یا پھر ان کی خدمات میں توسیع کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ تلنگانہ میں 11 آئی اے ایس‘ 3 آئی پی ایس اور ایک آئی ایف ایس عہدیدار ہیں جنہیں مختلف عہدوں پر نامزد کیا گیا ہے اور حکومت کے امور میں ان کی راست مداخلت موجود ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جن تین آئی پی ایس عہدیداروں کو مختلف عہدے فراہم کئے گئے ہیں ان میں مشیر برائے محکمہ داخلہ ریاستی حکومت مسٹر انوراگ شرما‘ مسٹر عبدالقیوم خان مشیر برائے اقلیتی امور حکومت تلنگانہ ‘
مسٹر ٹی پربھاکر راؤ شامل ہیں ۔ مسٹر ٹی پربھاکر راؤ جو 30جون کو وظیفہ پر سبکدوش ہونے والے تھے اسی دن ریاستی حکومت کی جانب سے ان کی خدمات میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ اسی طرح سابق چیف سیکریٹری مسٹر راجیو شرما ہیں جن کے وظیفہ حسن پر سبکدوشی کے بعد حکومت کی جانب سے انہیں ریاستی حکومت کے مشیر اعلی کے عہدہ پر نامزد کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں کم و بیش 31 ایسے عہدیدار محکمہ جات کے نگران ہیں جو کہ وظیفہ پر سبکدوش ہوچکے ہیں۔چیف منسٹر کے دفتر میں مؤظف آئی اے ایس مسٹر ایس نرسنگ راؤ تشکیل تلنگانہ سے ہی پرنسپل سیکریٹری کے عہدہ پر فائز ہیں جبکہ مؤظف آئی ایف ایس عہدیدار کے بھوپال ریڈی چیف منسٹر کے دفتر میں سیکریٹری کے عہدہ پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔مسٹر این شیو شنکر محکمہ فینانس کے مشیر اعلی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں جو کہ محکمہ فینانس سے ہی وظیفہ پر سبکدوش ہوئے ہیں۔مؤظف آئی اے ایس عہدیدار مسٹر کے وی رمنا چاری ‘ مسٹر اے کے گوئل ‘ مسٹر اے آر راما لکشمن ‘ اور مسٹر بی وی پاپا راؤ بھی تشکیل تلنگانہ کے بعد سے ہی ریاستی حکومت کے مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔مؤظف آئی ای ایس عہدیدار مسٹر جی آر ریڈی بھی ریاستی حکومت کے مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ فینانس مسٹر رام موہن راؤ اسی عہدہ پر خدمات میں توسیع کے ساتھ برسرکار ہیں۔مؤظف آئی اے ایس عہدیدار مسٹر پی ست نارائن ریڈی کو وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد کمشنر سیول سپلائز کا عہدہ دیا گیا ہے۔مسٹر انیل کمار کمشنر انڈومنٹ اسی عہدہ پر خدمات میں توسیع کے ساتھ برقرار ہیں۔ لجیسلیچر سیکریٹری نرسمہلو چاریولو 2019میں وظیفہ پر سبکدوش ہونے کے باوجود اسی عہدہ پر برقرا رہیں۔ اسی طرح ریاست بھر میں کئی اور عہدیدار ہیں جو اپنے وظیفہ کے باوجود حکومت تلنگانہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور اب ان عہدیداروں کے سبب برسرکار عہدیداروں میں ناراضگی پائی جانے لگی ہے۔