موظف ملازمین کے مسائل کی یکسوئی بلاتاخیر کی جائے

   

سبکدوش ملازمین ریٹائرڈ بنیفیٹس سے محروم ، میدک میں رکن پارلیمان و دیگر کا خطاب

میدک /29 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع میدک کے ٹی این جی اوز کی جانب سے طباعت کردہ سال نو 2025 کی ڈائری اور وال کیلینڈر ، ٹیبل کیلینڈرس کی رسم اجرائی تلنگانہ بھون میں منعقدہ ایک اسٹانڈنگ کونسل میٹنگ میں صدر ضلع ٹی این جی اوز مسٹر ڈی نریندر کی صدارت عمل میں آئی ۔ رسم اجرائی تقریب میں رکن پارلیمان میدک مسٹر ایم رگھونندن راؤ ، ضلع کلکٹر میدک مسٹر راہول راج ، رکن اسمبلی نرساپور محترمہ وی شنیتا لکشما ریڈی ایم ایل سی میدک مسٹر ایس سبھاش ریڈی نے شرکت کی ۔ سبھی مہمانوں نے ابتداء میں شمع روشن کرتے ہوئے تقریب کا آغاز کیا ۔ اس تقریب سے ایم پی میدک رگھونندن راؤ نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ ملازم سرکار کے دیرینہ حل طلب مسائل کی بلاتاخیر یکسوئی کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں وظیفہ پر سبکدوش شدہ ملازمین کے ایک سال مکمل ہونے پر بھی ریٹائرمنٹ بینیفٹ فوائد کی منظوری نہیں ہوئی ۔ انہوں نے اس معاملہ پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ریاستی کانگریس حکومت سرکاری ملازمین کی وظیفہ پر علحدگی کی موجودہ عمر 61 میں بڑھاوا دیتے ہوئے 65 سال کرنے کا منصوبہ کردی ہے ۔ لیکن انہوں نے حکومت کے اس مجوزہ منصوبہ کی شدید مخالفت کی اور سرکاری ملازمین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کیلئے ضلع میدک سے جس طرح تحریک اٹھائی گئی تھی ٹھیک اسی طرح سرکاری ملازمین کو چاہئے کہ وظیفہ کی حد عمر میں اضافہ کے منصوبہ کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اپنی آواز بلند کرتے ہوئے حکومت پر دباؤ قائم کریں ۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو چاہئے کہ آج کو نہ دیکھیں بلکہ آنے والے کل کی فکر کریں ۔ اپنے بچوں کو پڑھے لکھے نوجوانوں ملازمتوں سے جوڑنے کی فکر کریں۔ رکن پارلیمنٹ رگھونندن راؤ نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ پرانی پنشن اسکیم کو بحال کریں اور اس کے ساتھ انکم ٹیکس کی حد میں اضافہ کیلئے بھی وہ اپنی طرف سے ممکن کوشش کریں گے ۔ 317 جی او کے تحت متاثرہ ملازمین سے انصاف کیا جائے اور ملازمین سرکار کے واجب الادا بقائے جات کی فوری اجرائی کا مطالبہ کیا ۔ اسی طرح انہوں نے انکم ٹیکس کی حد کو 10 لاکھ تک بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا ۔ اسٹانڈنگ کونسل اجلاس میں مذکورہ تمام امور کیلئے قرارداد بھی منظور کرے گی ۔ اس تقریب میں ضلع ٹی این جی اوز کے جنرہل سکریٹری مسٹر مانک رج دیگر قائدین انورادھا ، اسمعیل پاشاہ سابق صدر ٹی این جی اوز سرینواس ریڈی ، ایم شیام راؤ ، فضل الدین ، ایم کے ارشد ، لیلا ، محمد صلاح الدین ، راما گوڑ ، شیشاچاری ، پربھاکر ، شنکر ، جنگم ناگیش، صدر ضلع بھاجیا گڈم ، سرینواس ، سبھاش چندر گوڑ ، صدر بار کونسل میدک ، دیاگیری گوڑ ، پھانسی راج کے علاوہ دیگر قائدین این جی اوز کی بڑی تعداد شریک تھی ۔