مولانا آزادیادگاری کانفرنس کوکامیاب بنائیں‘المیوا قائدین کی اپیل

   

محبوب نگر۔22نومبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)بھارت کے عظیم مجاہدِ آزادی، ملک کے پہلے وزیرِ تعلیم اور نئی بھارت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرنے والے مولانا ابوالکلام آزاد کی یومِ پیدائش کے موقع پر تلنگانہ آل میوا کی جانب سے کانفرنس ہال، وی ائی پی انٹرنیشنل اسکول، ٹولی چوکی حیدرآباد 23 نومبر 2025 صبح ساڑھے دس بجے ریاستی سطح پر اْن کی یاد میں ایک عظیم الشان سمارک سبھا (یادگاری کانفرنس) کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس بات کی اطلاع تلنگانہ آل میوا کے ریاستی صدر شیخ فاروق حسین اور جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سید عبد الوحید قادری نے دی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس میں بحیثیت مہمانِ خصوصی تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کے نائب صدر جی چنّا ریڈی شرکت کریں گے۔ خصوصی مدعوین میں ریاستی مائناریٹی کمیشن کے چیئرمین طارق انصاری اور ریاست کے سابق چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ، ریٹائرڈ آئی ایف ایس آفیسر ایم۔ جے۔ اکبر بھی شریک ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس موقع پر ریاست بھر کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے سرکاری ملازمین، اساتذہ اور صحافیوں میں سے متحدہ اضلاع کے لحاظ سے ہر ضلع سے 6 افراد، اس طرح کل 60 افراد کو ’’بہترین خدمات ایوارڈ‘‘ سے سرفراز کیا جائے گا۔ انہوں نے ریاست بھر کے تمام آل میوا کارکنان اور ذمہ داران سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں کانفرنس میں شرکت کرکے اسے کامیاب بنائیں۔ اس پریس میٹ میں آل میوا پنشنر شاخ کے صدر خواجہ نظام الدین ، آر ٹی سی لیڈر محمد عبدالحکیم، اور تنظیم کے مشیر یوسف بن ناصر سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔