ریجنل ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس الدین انصاری کا پالمور یونیورسٹی محبوبنگر کا دورہ، تعلیمی جائزہ
محبوب نگر ۔ 10 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈاکٹر بشیر احمد کوآرڈینیٹر مانو لرنرسپورٹ سنٹر کی اطلاع کے بموجب ڈاکٹر شمس الدین انصاری ریجنل ڈائرکٹر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے پالمور یونیورسٹی میں واقع لرنرسپورٹ سنٹر کا دورہ کیا اور پالمور یونیورسٹی کی جانب سے فراہم کردہ سہولتوں کی ستائش کی اور انتظامیہ سے اظہار تشکر کیا۔ بالخصوص وائس چانسلر پروفیسر جی این سرینواس اور رجسٹرار پروفیسر رمیش بابو کی اردو کے فروغ کے تعلق سے تعاون کو سراہا۔ بعد ازاں انہوں نے اسٹاف اور طلباء سے ملاقات کرتے ہوئے تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طلباء کو درپیش مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہیکہ محبوب نگر کے طلباء و طالبات مختلف کورسیز میں داخلہ لیتے ہوئے مستقبل روشن کریں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ ریجنل ڈائرکٹر کا یہ دورہ کافی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ فاصلاتی طرز تعلیم کے تحت مختلف کورسیس پوسٹ گریجویٹ، ڈگری و ڈپلوما کورسس میں داخلے جاری ہیں۔ ایم اے اردو، عربی، انگلش، اسلامیات تاریخ اور ہندی کے علاوہ بی اے، بی کام، بی ایس سی میں بھی داخلے جاری ہیں۔ آن لائن فارمس کے ادخال کی آخری تاریخ 13 اکتوبر مقرر ہے۔ واضح رہے کہ جاریہ سال ایم بی اے پروگرام بھی فاصلاتی طرز تعلیم پر دستیاب ہے۔ اس موقع پر طلباء و طالبات اور اساتذہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ڈاکٹر کروناکر ریڈی پرنسپل، ڈاکٹر انجنیلو ہیڈ ڈپارٹمنٹ آف ایجوکیشن، ڈاکٹر وشواناتھم، ڈاکٹر وجیہ لکشمی، ڈاکٹر جیانائک، محمد عبدالرحمن شریف، سید عبدالمغنی ارشد و دیگر موجود تھے۔
