جدوجہد آزادی اور تعلیم کو عام کرنے کیلئے خدمات کا اعتراف
حیدرآباد۔/22 فروری، ( سیاست نیوز) ملک کے پہلے وزیر تعلیم بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد کی 65 ویں برسی کے موقع پر کانگریس پارٹی نے بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ گاندھی بھون میں مولانا ابوالکلام آزاد کے پورٹریٹ پر پھول نچھاور کئے گئے اور جدوجہد آزادی اور پھر آزادی کے بعد وزیر تعلیم کی حیثیت سے ان کی نمایاں خدمات کی یاد تازہ کی گئی۔ سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ کے علاوہ سابق ایم ایل سی راملو نائیک، کمار راؤ، ایس پی کرانتی کمار نے مولانا آزاد کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے میں مرحوم قائد کا غیر معمولی رول رہا۔ ملک کے پہلے وزیر تعلیم کی حیثیت سے مولانا آزاد نے غریبوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی مساعی کی۔ کانگریس کے اقلیتی قائدین ایس کے افضل الدین، محمد اعجاز الزماں، محمد امتیاز، فہیم قریشی، سلطان مرزا، اشرف علی خاں اور محمد معز نے بھی مولانا آزاد کو خراج پیش کیا۔ ایس کے افضل الدین نے کہا کہ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ہندو مسلم اتحاد کے فروغ میں مولانا آزاد کا نمایاں رول رہا۔ جدوجہد آزادی میں مہاتما گاندھی اور پنڈت جواہر لال نہرو کے ساتھ مولانا آزاد نے شانہ بہ شانہ جدوجہد کی۔ مولانا آزاد کی تعلیمات کو موجودہ دور میں عوام تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ر