مولانا ابوالکلام آزاد کی طرح طلبہ علم پر عبور حاصل کریں

   


دوباک میں قومی یوم تعلیم پروگرام، ایم ایل اے و ایم ایل سی کاخطاب

دوباک۔/12 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اقلیتی اقامتی اسکول دوباک میں مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کے موقع پر قومی یوم تعلیم پروگرام شاندار طریقہ سے منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں مہمانان خصوصی کے طور پر حلقہ اسمبلی دوباک مادھونینی رگھونندن راؤ، ایم ایل سی محمد فاروق حسین نے شرکت کی۔ ایم ایل سی فاروق حسین نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ مسلمانوں کو تعلیم میں آگے بڑھانے کی غرض سے ریاست بھر میں اقلیتی اقامتی اسکولس قائم کئے ہیں جس میں ماہر اساتذہ کے ذریعہ اعلیٰ انگریزی تعلیم دلائی جارہی ہے۔ اس موقع پر بی جے پی رکن اسمبلی رگھونندن راؤ نے ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی مختلف خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں اپنا نمونہ بنانے کا مشورہ دیا۔ طلباء کو مشورہ دیا کہ جس طرح مولانا آزاد علم پر عبور حاصل کرتے ہوئے ملک کے پہلے وزیر تعلیم بنے اسی طرح طلبہ بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے حکومت کی جانب سے دی جانے والی سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے اعلی انگریز ی تعلیم حاصل کرکے اپنے مستقبل کو روشن کرنے اور ریاست ، اسکول اور اساتذہ کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم سے ہی مسلمانوں کی ترقی ممکن ہے۔ اس موقع پر مختلف مضامین میں نمایاں نشانات حاصل کرنے والے طلباء کو میڈلس تقسیم کئے گئے۔ اس پروگرام میں پرنسپل ویملا ریڈی، وارڈن محمد حمید، پی ای ٹی محمد شادل، محمد فخر الدین، محمد آصف، محمد صادق، محمد حسین، محمدالطاف و طلباء کے سرپرستوںکی کثیر تعداد موجود تھی۔