مولانا توقیر رضا کی رہائی کیلئے مسلم پرسنل لا بورڈ کا مطالبہ

   

نئی دہلی 30 ستمبر (ایجنسیز) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اترپردیش میں بااثر مولانا توقیر رضا خان اور کئی دیگر افراد کی گرفتاری کی آج سخت مذمت کرتے ہوئے اِسے ناانصافی اور اقتدار کا بیجا استعمال قرار دیا۔ ایک بیان میں بورڈ کے ترجمان ڈاکٹر ایس کیو آر الیاس نے مولانا توقیر رضا کی عاجلانہ اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا اور کہاکہ اُن کے ساتھ کانپور میں مسلمانوں کے خلاف پولیس کارروائی کے تحت گرفتار کئے گئے دیگر افراد کو بھی رہا کردینا چاہئے۔ بیان میں کہا گیا کہ حالیہ عید میلادالنبیؐ جلوسوں کے دوران آئی لو محمدؐ کے سائن بورڈس کو مسئلہ بناتے ہوئے حکام نے بیجا کارروائی کی ہے۔ پرامن مظاہروں پر بھی ریاست بھر میں شدید سرکاری کارروائی کی جارہی ہے جو ناقابل قبول ہے۔ بورڈ کے بیان میں کہا گیا کہ آئی لو محمدؐ کا نعرہ بلند کرنا یا اِسے بیانروں پر ظاہر کرنا نہ غیر قانونی ہے اور نہ ہی غیر دستوری۔