نئی دہلی 3اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) مسلم انڈین کونسل کے چیئر مین انیس درانی نے تبلیغی جماعت کے امیر مولانا اسعد سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد خود کو پولس کے سامنے آ کر اپنے موقف کی وضاحت کریں اور فوری طور پر تبلیغی جماعت کی قیادت سے سبکدوش ہو جائیں۔ درانی نے یہاں جاری ریلیز میں کہا ہے کہ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد اس طرح ان کا نظروں سے اوجھل رہنا عام مسلمانوں کے لئے نقصاندہ ہو سکتا ہے۔ جماعت کی ساکھ کو ایسے میں بچانا بہت ضروری ہے جو اشاعت دین کا کام کرتی ہے۔ مسٹر درانی نے کہا کہ مسلم انڈین کونسل امیر جماعت سے فوری طور پر تبلیغی جماعت کی قیادت سے سبکدوش ہونے کی درخواست کرتی ہے تاکہ وہ پوری توجہ اپنے قانونی دفاع کی طرف لگا سکیں۔ اس طرح تبلیغی جماعت کو نشانہ بنانے کا زور ٹوٹ جائے گا اور میڈیا کی توجہ کورونا اور دوسرے حوالوں سے دوبارہ مودی سرکاری کے کام کاج کی طرف مڑ جائے گا۔انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کے نااہل رویہ کی وجہ سے پورا ملک خطرے کا شکار ہے ۔