ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خاں کا اظہار تعزیت
حیدرآباد۔9 اگسٹ(سیاست نیوز) جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے مولانا سید محمد صدیق حسینی عارف المعروف پاشاہ میاں صاحب سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ محبوب اللہؒ و درگاہ حضرت سید یحییٰ پاشاہ قادری ؒ کے سانحۂ ارتحال پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی شخصیت انتہائی ملنسار اور نرم گفتار تھی جس کی وجہ سے وہ ہر عمرو طبقہ کے لوگوں میں یکساں مقبول تھے۔ ایڈیٹر سیاست نے پاشاہ میاں صاحبؒ کے انتقال کو خانقاہی نظام کا ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے خود کو ہمیشہ تنازعات سے پاک رکھتے ہوئے اپنے خانوادہ کو بھی اس بات کی تلقین کرتے رہے کہ وہ للہیت کے ساتھ اپنے اجداد کی تعلیمات کو عام کریں اور محبت و اخوت کے درس کے ذریعہ خانقاہی نظام کو ترویج و اشاعت کو یقینی بنائیں۔ جناب زاہد علی خان نے بتایا کہ مولانا سید صدیق حسینی عارف سے ان کی دیرینہ رفاقت رہی اور ان ملاقاتوں کے دوران بھی وہ ہمیشہ خانقاہی نظام کے فروغ اور تعلیمات کو عام کرنے کے ساتھ ساتھ نسل نو کی بنیادی تعلیم میں دینی علوم کی فراہمی کے متعلق متفکر رہا کرتے تھے اور بچوں کو ابتداء سے ہی دینی تعلیم کی طرف رغبت دلوانے کی کوشش کیا کرتے تھے۔انہوں نے پسماندگان کو صبر جمیل اور مرحوم کے لئے بلندیٔ درجات کی دعاء کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت اس خانقاہ سے فیض کو جاری رکھے۔
