سماجی ، سیاسی ، مذہبی رہنمائوں کا اظہار تعزیت
نظام آباد ۔طارق انصار ی رکن مسلم پرسنل لاء کمیٹی نظام آباد نے مولانا سید ولی اللہ قاسمی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کا انتقال ملت اسلامیہ کا عظیم خسارہ ہے ۔ طارق انصاری نے مولانا مرحوم کے ساتھ وابستہ یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت صدر مسلم پرسنل لاء کمیٹی مولانا سید ولی اللہ قاسمی کی قائدانہ صلاحیتوں کو انہوں نے بہت قریب سے دیکھا ہے ۔ مسلم پرسنل لاء کمیٹی رکن کی حیثیت سے مولانا کی صدارت میں ملت اسلامیہ کو درپیش مسائل پر منعقدہ اجلاسوں میں مولانا مرحوم مفید مشورہ دیا کرتے تھے اور خداداد صلاحیتوں کے ذریعہ ملت کو درپیش چیلنجس کا حل نکالنے میں نمایاں رول ادا کرتے تھے۔حافظ محمد لئیق خان صدر ضلع جمعیت العلماء نظام آباد نے مولانا سید ولی اللہ قاسمی کے سانحہ ارتحال کو ملت اسلامیہ کیلئے نقصان عظیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مولانا مرحوم اپنے آپ میں ایک انجمن تھے وہ کئی تحریکوں کے بانی اور سربراہ ہونے کے ساتھ ساتھ ضلع نظام آباد میں عربی مدارس کے وقار کو بلند کرنے اور عربی مدارس کا جال پھیلانے میں ناقابل فراموش رول ادا کیا ہے ۔ احمدعبدالعظیم جنرل سکریٹری مسلم پرسنل لاء کمیٹی نظام آباد نے اپنے صحافتی بیان میں کہاکہ مولانا سید ولی اللہ قاسمی صاحب جو صدر مسلم پرسنل لاء کمیٹی تھے کے اچانک انتقال نے نظام آباد شہر میں ایک بڑا خلاء پیدا کردیاہے۔جو بہت دیر تک پُرنہیں ہوپائے گا۔ موصوف بہت ساری خوبیوں کے مالک تھے خلوص کے ساتھ انہوںنے اپنی مفوضہ ذمہ داریوں کو نبھایا۔ جناب محمدعبدالقادر، جناب الماس خان، جناب محمدیوسف، جناب منظور احمد، جناب ایس اے علیم، جناب قاضی سید شوکت علی، جناب محمدحبیب، جناب طارق انصاری، جناب زاہد علی، جناب مقصود عالم، جناب محمدنثار ، جناب سید یحییٰ ظفر ودیگر اراکین نے دل کی گہرائیوں سے مرحوم کیلئے مغفرت کی د عا کی ہے ۔محمد خواجہ نصیر الدین ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند نظام آباد اربن نے مولانا سیدولی اللہ قاسمی امام و خطیب مکہ مسجد احمد پورہ نظام آباد کے سانحہ ارتحال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کا انتقال ملت کے لئے عظیم نقصان ہے ۔نظام آباد کے مسلمان ایک جید عالم سے محروم ہوگئے ہیں جس کی تلافی مشکل ہے مولانا محترم ملت اسلامیہ کا درد رکھتے تھے آپ کی فکر و نظر کا دائرہ بہت وسیع تھا۔ مولانا کومسلمانوں کی معاشرتی اصلاح کی ہر وقت فکر رہتی۔یہی وجہہ تھی کہ جمعہ کے خطبات میں جذبات و احساسات کے سیلاب رواں کو سننے کے لئے لوگ دور دور سے حاضر ہوتے ۔ جماعت اسلامی ہند نظام آباد مولانا کے سانحہ ارتحال پرافسوس اور صدمہ کا اظہار کرتی ہے۔ ہم مولانا مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کرتے ہیں کہ اللہ انھیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فر مائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔(آمین)۔