مولراسا ملک کے خلاف مقدمہ درج

   

سابق آئی اے ایس عہدیدار کی شکایت پر جوبلی ہلز پولیس کی کارروائی

حیدرآباد ۔ 5 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ پولیس نے حیدرآباد میں مشہور دیسی گائے کا دودھ سربراہ کرنے والی کمپنی ، مولراسا ملک کے مالک کے خلاف مبینہ طور پر ملاوٹی دودھ سربراہ کرنے پر ایک کیس درج کیا ہے جس کی وجہ صحت کے مسائل پیدا ہوئے ہیں ۔ پولیس نے ہفتہ کو یہ بات کہی ۔ اس سلسلہ میں ایک سابق آئی اے ایس عہدیدار 69 سالہ ایس کے سنہا نے جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی جن کی گردے کی پیوندکاری ہوئی ہے ۔ انہوں نے اعضا کی پیوندکاری کے افراد کے لیے کیلشیم سے بھر پور دودھ کے استعمال کی ضرورت کے بارے میں بتایا ۔ کیلشیم کے حصول کے لیے روزانہ گائے کا دودھ استعمال کرنے ڈاکٹرس کے مشورے پر وہ گائیوں کے مالک ایک دوست سے دودھ حاصل کررہے تھے ۔ گائے کے دودھ کی سربراہی کو روک دیا گیا کیوں کہ گائے گابھن ہوگئی تھی ۔ شکایت کنندہ نے کہا کہ مولراسا ملک جو اعلیٰ معیار کے خالص دودھ کی سربراہی کا دعویٰ کرتا ہے ، 150 روپئے فی لیٹر ادا کرتے ہوئے مسٹر سنہا نے یہ دودھ استعمال کرنا شروع کیا جس کے چند دن بعد انہیں پیروں میں کھجلی شروع ہوئی لیکن انہوں نے علامتوں کو نظر انداز کیا ۔ لیکن دن گذرنے پر ان کی حالت ابتر ہوگئی ۔ ان کے دونوں پیروں میں سیال مادہ جمع ہونا شروع ہوگیا اور ان کی پیٹھ میں درد ہونے لگا ۔ دودھ کا استعمال کرنے کے بعد انہیں شدید کھجلی ہوئی ۔ انہوں نے مولراسا کے مالک سے اس دودھ کی سپلائی روک دینے کے لیے کہا۔ شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا کہ اس مالک نے انہیں جان کی دھمکی دی ۔ جوبلی ہلز پولیس نے اس سلسلہ میں ایک کیس درج کیا اور تحقیقات کی جارہی ہیں ۔۔