لارا کا 400 کا ریکارڈ محفوظ ۔ زمبابوے میں جنوبی افریقہ 626/5d
بلاوایو (زمبابوے)، 7 جولائی (ایجنسیز) ویان مولڈر نے برائن لارا کا 400 رنز کا ریکارڈ محفوظ چھوڑ دیا اور زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں عبوری کپتان کی حیثیت سے آج 367 ناٹ آؤٹ پر جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کو 626/5 پر ڈیکلیر کردیا۔ لارا نے 2004 میں انگلینڈ کے خلاف سینٹ جانس میں ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا۔ جنوبی افریقہ نے کریگ اروائن زیرقیادت میزبانوں کا دوسرے ٹسٹ میں بھی بُرا حشر کر رکھا ہے ۔ چار سیشن بیٹنگ کرنے کے بعد جنوبی افریقہ نے اپنی اننگز لنچ کے بعد ڈیکلیر کی۔ آل راؤنڈر مولڈر نے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 334 گیندوں کا سامنا کیا اور 367 ناٹ آؤٹ میں 49 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ ڈیوڈ بیڈنگھم نے 82 اور ڈیبیو ٹسٹ میں سنچری بنانے والے لوان دری پریٹوریس نے 78 رنز بنائے۔ تادم تحریر جنوبی افریقہ نے زمبابوے کو جوابی اننگز میں 43 اوورز میں 170 پر آؤٹ کردیا۔ اس میں بھی مولڈر نے اپنا رول ادا کرتے ہوئے 2 وکٹ لئے۔ پی سبراین نے 4 اور کوڈی یوسف نے 2 وکٹ لئے۔ زمبابوے پہلا ٹسٹ 328 رنز سے ہارا تھا۔ تاہم دو میچ کی یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا حصہ نہیں ہے۔