مولیٰ علی کمان کی تزئین کو جلد مکمل کیا جائیگا

   

سکریٹری بلدی نظم و نسق کا ٹوئیٹ ۔ کے ٹی آر نے ستائش کی
حیدرآباد۔31مارچ(سیاست نیوز) مولیٰ علی کمان کی تزئین نو کے کاموں کو وسط اپریل تک مکمل کرلیا جائے گا۔ محکمہ بلدی نظم ونسق کے اقدامات کے تحت نواحی علاقہ مولیٰ علی میں موجود تاریخی کمان مولیٰ علی کی تزئین نو کی تصاویر سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق مسٹر اروند کمار نے ٹوئیٹر پر شئیر کی جس پر وزیر بلدی نظم ونسق نے تزئین نو کے کاموں کی ستائش کی اور کہا کہ سابق میں کئی عہدیداروں نے مولیٰ علی کمان کی تزئین اور تحفظ کے دعوے کئے تھے لیکن عملا کام نہیں کیا گیا اور اب اروند کمار جو کہ تاریخی عمارتوں اور تہذیبی ورثہ کے دلدادہ ہیں نے اس تاریخی کمان کے تحفظ اور تزئین کو مکمل کرکے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ محکمہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ ان کاموں کو وسط اپریل تک مکمل کرلیا جائے گا۔ عہدیداروں نے تاریخی عمارتوں اور تہذیبی ورثہ کے ماہرین سے مشاورت کے بعد قطب شاہی دور حکومت 1578 میں تعمیر اس کمان کے تحفظ و تزئین کا آغاز کیا تھا جو اب مکمل ہونے کو ہے۔ کمان کی تزئین کے سلسلہ میں عوام نے بتایا کہ سابق میں مختلف حکومتوں میں حکام اوروزراء کے علاوہ منتخبہ نمائندوں سے کمان کے تحفظ اور اس کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے لئے متعدد نمائندگیاں کی گئی تھیں لیکن ان نمائندگیوں کو نظرانداز کیا جاتا رہا لیکن مسٹر اروند کمار سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق نے قطب شاہی دور حکومت میں تعمیر کی گئی اس کمان کے تحفظ اور تزئین نو کے ساتھ کمان کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے جو اقدامات کئے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔