مومن الحق کی سنچری کے بعد ہندوستان کی برق رفتار بیٹنگ

   

کانپور : ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کانپور میں رواں ٹسٹ میں آخرکار پورے دن کا کھیل ممکن ہوگیا اور یہ ایک بہترین دن ثابت ہوا۔ میچ کا چوتھا دن مکمل طور پر ٹیم انڈیا کے نام رہا جس نے بنگلہ دیش کو پہلی اننگز میں 233 رنز پر آل آؤٹ کردیا اور پھر دھماکہ خیز انداز میں بیٹنگ کرکے سب کو حیران کر دیا اور صرف 35 اوور میں 285 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی اور مہمان ٹیم پر 52 رنز نے برتری حاصل کی۔ اس کے بعد بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں بھی 2 وکٹیں گنوادئے جب کہ بورڈ پر اس کے صرف 26 رنز درج تھے۔ اس طرح بنگلہ دیش دوسری اننگز میں ہندوستان سے اب بھی 26 رنز پیچھے ہے۔ پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے مومن الحق اور شادمان اسلام ناقابل شکست واپس لوٹے۔ ٹیم انڈیا کی طرف سے روی چندرن اشون نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔دن کے اختتام پر اشون نے 5 اوورس میں 14 رنز دیکر دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ قبل ازیں کانپور ٹسٹ میں پہلے تین دن بارش رہی لیکن چوتھے روز بنگلہ دیش کے بائیں ہاتھ کے بیٹر مومن الحق نے اپنی بیٹنگ سے بنگلہ دیشی شائقین کے دل جیت لیے۔ بائیں ہاتھ مومن نے کانپور ٹسٹ کی پہلی اننگز میں شاندار سنچری اسکورکی۔ مومن نے ہندوستان کی مضبوط بولنگ کا سامنا کیا اور سنچری اسکور کی۔انہوں نے اپنے ٹسٹ کیریئر میں 13ویں مرتبہ سنچری بنانے کا کارنامہ انجام دیا۔ کانپور ٹسٹ میں رشبھ پنت اس کھلاڑی کے قد کا مذاق اڑا رہے تھے لیکن اس کھلاڑی نے اپنی زبردست بیٹنگ سے سب کا دل جیت لیا۔ مومن الحق کا قد صرف 5 فٹ 2 انچ ہے۔ کانپور ٹسٹ کے پہلے دن اشون کی گیند کو سوئپ کرتے ہوئے گیند مومن کے ہیلمٹ سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد پنت نے وکٹ کے پیچھے سے کہا کہ ہیلمٹ پرگیند مارکر بھی ایل بی ڈبلیو لیا جا سکتا ہے۔ مومن الحق اس وقت کریز پر آئے جب بنگلہ دیش نے26 کے اسکور پر اپنے اوپنر ذاکر حسن کو کھودیا۔ اس کے بعد مومن نے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے حیرت انگیز تحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے خاص طور پر اشون کا بہترین انداز میں سامنا کیا۔ مومن کو چنئی ٹسٹ میں اشون کے ساتھ کافی پریشانی کا سامنا تھا، لیکن کانپور میں صورتحال مختلف نظر آئی۔ مومن نے اپنی نصف سنچری کے لیے 110 گیندیں لیں اور اگلی 62 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔ مومن نے اپنی اننگز میں ایک چھکا اور 16 چوکے لگائے۔ہندوستان کیلئے پہلی اننگز میں بمراہ نے تین ، اشون اور محمد سراج نے فی کس دو کھلاڑیوں کوآوٹ کیا ۔ ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز کی بیٹنگ میں ٹی 20 طرز انداز اختیار کیا اور تیزی سے رنز بنائے ۔ ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ رنز اوپنر جیسوال نے بنائے ۔ انہوں نے 51 گیندوں میں 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 72 رنز اسکور کئے جبکہ کے ایل راہول نے 68 رنز کی اننگز کھیلی ۔ ویراٹ کوہلی نے 47 رنز بنائے لیکن کپتان روہت شرما 23 رنز ہی بنا پائے ہیں ۔ بنگلہ دیش کیلئے مہدی نے 41 رنز اور شکیب الحسن نے 78 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کی ۔