چانگزو (چین)، 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر ایک کھلاڑی جاپان کے کیتو موموتا اور غیر سیڈ اسپین کی کیرولینا مارین نے اتوار کو چائنا اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں بالترتیب مرد اور خاتون زمرے کے سنگلز خطاب جیت لئے ۔ٹاپ سیڈ موموتا نے ساتویں سیڈ انڈونیشیا کے انتھونی گٹنگ کو ایک گھنٹے 31 منٹ تک سخت جدوجہد میں 19-21 21-17 21-19 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ گٹنگ گزشتہ سال فاتح رہے تھے لیکن اس بار انہیں فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ موموتا نے اس طرح پہلی بار یہ خطاب جیتا۔اولمپک اور عالمی چمپئن رہ چکی مارین نے اپنی تال میں واپسی کرتے ہوئے دوسری سیڈ تائی جو ینگ کو تین گیمو ں کی جدوجہد میں ایک گھنٹے پانچ منٹ میں 14-21 21-17 21-18 سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔ مارین نے اس جیت سے اپنا خطاب برقرار رکھا۔میزبان چین نے مکسڈ ڈبلز اور خاتون ڈبلز کا خطاب جیتنے میں کامیابی حاصل کی جبکہ مردوں کے ڈبلز کا خطاب انڈونیشیا کے حصے میں گیا۔ہندستان کی اس ٹورنامنٹ میں کارکردگی مایوس کن رہی اور ہندستان کا چیلنج کوارٹر فائنل تک ختم ہو گیا۔ دنیا کے 15 ویں نمبر کے مرد کھلاڑی بی سائی پرنیت کوارٹر فائنل مقابلے میں ہارے ۔ عالمی چمپئن اور اسٹار کھلاڑی پی وی سندھو خواتین کے سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں باہر ہو گئی تھیں جبکہ سائنا نہوال پہلے ہی دور میں ہار گئی تھیں۔ مرد سنگلز میں پروپلي کشیپ،مرد ڈبلز میں ساتوک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی جوڑی اور ساتوک سائی راج اور اشونی پونپا کی مکسڈ ڈبلز جوڑیا ں بھی پہلے ہی ہار کر باہر ہو گئی تھیں۔