ممبئی۔ 20 ستمبر (یو این آئی) ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ہفتہ کے روز اعلان کیا کہ مونو ریل خدمات کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے تاکہ نظام میں بڑے پیمانے پر اپ گریڈ کا کام کیا جا سکے ۔ حکام کے مطابق اس معطلی کے دوران نئے رولنگ اسٹاک کے انضمام، جدید سی بی ٹی سی سگنلنگ سسٹم کی تنصیب اور موجودہ بیڑے کی مکمل تزئین و آرائش کی جائے گی۔ اس سے قبل 17 ستمبر کو ایم ایم آر ڈی اے نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ مونو ریل کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق تیار کرنے کیلئے اس کے نظام کو اپ گریڈ کیا جائے ۔
اس مقصد کے لیے پرانے ریکوں کی اوورہالنگ اور ریٹروفٹنگ کے ساتھ ساتھ نئے ریک شامل کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو زیادہ محفوظ اور پائیدار خدمات فراہم کی جا سکیں۔ میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سنجے مکھرجی نے کہا کہ یہ معطلی سوچا سمجھا قدم ہے تاکہ مونو ریل کو ایک مضبوط اور جدید شکل دی جا سکے ۔