لندن ۔ 14 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق آف اسپنر مونٹی پنیسر جنہوں نے حالیہ دنوں میں اپنی پہلی کتاب ’’دی فل مونٹی‘‘ تحریر کی ہے ، اب وہ سیاست میں قدم رکھنے کے لئے کوشاں ہیں اور پرعزم ہیں کہ وہ لندن کے میئر بنیں گے۔ 37 سالہ اسپنر پنیسر نے جون جولائی میں منعقدہ ورلڈ کپ کے دوران ہندوستانی ٹیم کو اپنی تصنیف کی کاپیاں فراہم کی اور کہا ہے کہ سیاست انہیں راغب کرتی ہے اور کرکٹ کیریئر ختم ہونے کے بعد وہ سیاست میں داخلہ کے خواہاں ہیں۔ انڈین جرنلسٹ اسوسی ایشن (آئی جے اے) کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے پنیسر نے کہا کہ سیاست میں مجھے دلچسپی ہے، میں لندن میں رہتا ہوں اور لندن کو اچھی جانتا ہوں جبکہ لندن کے لئے صادق خان نے اپنی خدمات فراہم کی ہیں اور مستقبل میں میں لندن کی خدمات انجام دینا چاہتا ہوں ۔