تین دن میں چار فلموں کی نمائش، اہم فلمی شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد ۔23۔ اگست (سیاست نیوز) ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد میں فلمی شائقین کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ ساتھ اداکارں کے چاہنے والے کلبس بھی کام کر رہے ہیں جبکہ فلم کلبس کی سرگرمیاں بھی آپ کو دکھائی دیں گی ۔ ان تمام میں سال 2004 میں قائم کردہ موونگ امیجس فلم کلب کی اپنی ایک منفرد پہچان اور شناخت ہے۔ اس کلب کے بے شمار ارکان ہیں جو صاف ستھری خاص کر معاشرہ کو ایک مثبت پیغام دینے والی فلموں کی باضابطہ اپنے ارکان کیلئے ہر ماہ کم از کم دو مرتبہ نمائش کا اہتمام بھی کرتے ہیں۔ آپ کو بتادیں کہ حیدرآباد کے اس موونگ امیجس کا 20 سال قبل مشہور نغمہ نگار گلزار صاحب کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا تھا۔ اس کلب کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر تین روزہ فلم فیسٹول/ تقاریب کا اہتمام کیا گیا جس کا آج آغاز ہوا۔ اس موقع پرایک مراٹھی فلم Baipan Bhari Deva کی نمائش بھی کی گئی جس میں مشہور و معروف ادا کارہ وندنا گپتا اور سکنیا کلکرنی نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اس فیسٹول کے آغاز کے موقع پر وندنا گپتا اور سکنیا کلکرنی بھی موجود تھے جبکہ بالی ووڈ کے مشہور و معروف ڈائرکٹر سینماٹو گرافی مسٹر اسیم مشرا بھی موجود تھے ۔ ان تینوں کو تہنیت بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر فلم ڈراموں اور تھیٹرس سے جڑی اہم شخصیتیں موجود تھیں، موونگ امیجس فلم کلب کی ورکنگ پریسیڈنٹ محترمہ سنگا مترا ملک نے جو مختلف زبانوں میں حیدرآباد اور حیدرآبادی تہذیب پر بے شمار نغمے لکھ چکی ہیں اور انہیں اپنی آواز دے چکی ہیں۔ مہمانوں کا خطاب کرتے ہوئے اس فلم کلب کی سرگرمیوں کو نغمے کی شکل میں پیش کیا اور بتایا کہ کلب ممبران کو ہندوستانی ہندی، انگریزی ، علاقائی اور بین الاقوامی دکھائی جاتی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ جائش رنجن آئی اے ایس اس کلب کے صدر ہیں، وہ اپنی مصروفیات کے باعث شرکت نہ کرسکے۔ ابتداء میں محترمہ سچترا نے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ وندنا گپتا اور سکنیا کلکرنی کے ساتھ ساتھ اسیم مشرا نے بھی خطاب کیا اور اپنے فلمی سفر اور کامیابیوں کے بارے میں بتایا ۔ وندنا گپتا نے تقریباً 13000 شوز کئے ہیں جبکہ اسیم مشرا کئی فلموں بشمول بجرنگی بھائی جان کے ڈائرکٹر سینماٹو گرافی رہے ۔ سنگامترا کے مطابق 24 اگست کو اس تھیٹر میں صبح 11 بجکر 30 منٹ پر ہندی فلم افواہ کی نمائش کی جائے گی ۔ اس کے ڈائرکٹر سدھیر مشرا موجود رہیں گے ۔ پیر 3 بجے ٹامل فلم Kanam دکھائی جائے گی ۔ ڈائرکٹر شری کارتک موجود رہیں گے۔ سوال و جواب کا سیشن بھی ہوگا ۔ آخری دن اتوار 25 اگست کو پان سنگھ تومر فلم کے شہرت یافتہ اسیم مشرا سے بات چیت کا پروگرام مقرر ہے ۔ دوپہر 12 بجے ’’کڑوی ہوا‘‘ نامی فلم کی نمائش ہوگی۔