موٹر بوٹ میں دھماکہ، ایک شخص کی موت

   

نیویارک، 25 مئی (یو این آئی) نیویارک میں ہڈسن ندی کے کنارے کھڑی موٹر بوٹ میں دھماکے سے ایک شخص کی موت ہوگئی اور دو زخمی ہوگئے ۔مقامی حکام نے ہفتہ کے روز یہ اطلاع دی۔ نیو یارک کے فائر ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی اسسٹنٹ چیف ڈیوڈ سمز نے کل نیوز کانفرنس میں بتایا کہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10:30 بجے نارتھ ریور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قریب ہوا۔ نیویارک پولیس نے کہا کہ دھماکے میں ایک شخص (59) جائے وقوعہ پر مردہ پایا گیا۔ اے بی سی نیوز نے محکمہ کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ اس شخص کی شناخت نیویارک کے محکمہ تحفظ ماحولیات کے ملازم کے طور پر ہوئی ہے ۔مسٹر سمز کے مطابق، دوسرے زخمی ملازم کو اسپتال میں داخل کرایا گیا اور تیسرے نے علاج کرانے سے انکار کر دیا۔ دھماکے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ نیویارک کے میئر ایرک ایڈمس نے کہا کہ کسی جرائم پیشہ سرگرمی کا شبہ نہیں ہے ۔اس سے قبل 17 مئی کو میکسیکو کی بحریہ کا جہاز یہاں بروکلین پل سے ٹکرا گیا تھا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور 12 سے زائد زخمی ہو گئے تھے ۔