موٹر ترمیمی بل کی منظوری ، ٹریفک خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) حکام کے مطابق حکومت نے موٹر وہیکل ترمیمی بل کی منظوری دی ہے جس میں ٹریفک کی خلاف ورزیوں کے ارتکاب پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے۔ مثال کے طور پر ایمرجنسی گاڑیوں کو راستہ نہ دینے پر 10,000 روپئے جرمانہ اور نااہل ہونے کے باوجود ڈرائیونگ کرنے پر بھی اتنی ہی رقم کا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ یہ بل راجیہ سبھا میں منظوری کا منتظر تھا لیکن 16 ویں لوک سبھا کی میعاد کے اختتام پر ملتوی ہوگیا ہے، لیکن وزیراعظم کی زیرقیادت کابینہ نے آج اس ترمیمی کو منطوری دی۔ روڈ سیفٹی سے متعلق خلاف ورزیوں جیسے کمسن ڈرائیونگ، بغیر لائسنس یا شراب نوشی کے بعد ڈرائیونگ کا پھر حد سے زیادہ وزن لادکر لے جانا اب بہت ہی مہنگا ثابت ہوگا۔ اس بل کے مطابق مکرر ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر ایک لاکھ روپئے تک جرمانہ کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ ۔اس بل کو 18 ریاستوں کے ٹرانسپورٹ منسٹریز کی سفارش پر منظوری دے دی گئی، جس کو پارلیمنٹ کی اسٹانڈنگ کمیٹی نے قبول کرلیا تھا۔ نئے بل کے مطابق تیز رفتاری پر ایک ہزار تا 2,000 روپئے جرمانہ کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بغیر انشورنس کے ایک ہزار جرمانہ، بغیر ہیلمٹ ایک ہزار جرمانہ کے ساتھ 3 ماہ تک لائسنس کی معطلی شامل ہے۔