ٹریفک پولیس کے باقاعدہ اعلان کے بغیر قواعد پر سختی سے عمل
حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد میں اب تک موٹر سائیکل کی پچھلی نشست پر بیٹھنے والے کے لیے ہیلمیٹ کالزوم نہیں تھا۔ ٹریفک پولیس نے باقاعدہ اطلاع دئیے بغیر اس لزوم پر عمل آوری شروع کردی ہے ۔ اب تک ٹریفک پولیس صرف موٹر سائیکل چلانے والے کے لیے ہیلمیٹ کا لزوم رکھا تھا اور خلاف ورزی کرنے پر چالان کیا جاتا ۔ سڑک پر ہی برسر موقع یہ چالان جاری کیا جاتا ۔ موٹر سائیکل راں بھی ان چالانات سے بچنے کے لیے ہیلمیٹ پہننا شروع کیا ہے ۔ شہر میں 90 فیصد موٹر سائیکل راں ان دنوں ہیلمیٹ پہنتے ہیں ۔ پیچھے بیٹھنے والے کے لیے ہیلمیٹ ضروری نہیں تھا اس پر اب تک غور ہی نہیں کیا گیا تھا تاہم اب ہندستان میں تمام بڑے شہروں میں پیچھے بیٹھنے والے کے لیے بھی ہیلمیٹ کا پہننا لازمی کردیا گیا ہے ۔ حیدرآباد میں بھی اس کو روبہ عمل لایا گیا ہے اس قانون کو سختی سے روبہ عمل لانے کے لیے ٹریفک پولیس نے بغیر ہیلمیٹ والے سواریوں پر چالان عائد کرنا شروع کیا ہے ۔ چند شہریوں کو یہ چالان موصول ہوئے ہیں جس کے بعد ان لوگوں نے اپنے سوشیل میڈیا پر ان چالانات کو وائرل کیا اور سوال کیا کہ آخر شہر میں یہ رول ہی نہیں ہے تو اس پر جرمانہ عائد کرنے کی کیا ضرورت ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں موٹر سائیکل کی پچھلی نشست کے لیے بھی ہیلمیٹ کے لزوم پر شہریوں نے احتجاج کیا ہے ۔ پولیس نے بھی سرکاری طور پر اس کا اعلان نہیں کیا ۔ البتہ اس قانون کو لانے پر غور کیا جارہا تھا ۔ اگر حیدرآباد ٹریفک پولیس اس پر عمل کرنے سے قبل اعلان کرتی تو شہریوں کو جانکاری ہوتی ۔۔