موٹر سائیکل کے ذریعہ شہری کی ہلاکت پر مقدمہ

   

حیدرآباد۔ سڑک حادثات پر قابو پانے کیلئے سائبر آباد پولیس نے سخت اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔ موٹر سائیکل کے ذریعہ ایک شہری کی ہلاکت کا سبب بننے والے موٹر سائیکل سوار کے خلاف عام مقدمہ درج کرنے کے بجائے غیر ارادتی طور پر قتل کی سنگین دفعہ کو عائد کیا ہے۔ ساتھ ہی سائبر آباد پولیس نے اس گاڑی کے مالک کو بھی جیل کی سلاخوں کے پیچھے منتقل کردیا۔ سائبر آباد پولیس کے مطابق پولیس نے 21 سالہ ڈی مدھو ساکن ملا پور کو گرفتار کرلیا۔ 23 فروری کو مدھو اس کے ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار تھا اس کی موٹر سائیکل بے قابو ہوکر روڈ ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی اور اس گاڑی سے ہوئے حادثہ کے سبب دوسرا موٹر سائیکل سوار شخص فوت ہوگیا تھا۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد مدھو کو گرفتار کرلیا ۔ جانچ کے دوران گاڑی کے مالک کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا جس نے لائسنس نہ ہونے کے باوجود مدھو کو موٹر سائیکل دی تھی۔