موٹر سائیکل کے چالانات، اندرون 45 دن ادا کرنا لازمی

   

خلاف ورزی پر گاڑی کو ضبط اور لائسنس منسوخ کیا جاسکتا ہے، ٹریفک قوانین میں سخت تبدیلی
حیدرآباد 5 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ٹریفک قوانین میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اگر موٹر سیکل سوار کو چالان آتا ہے تو وہ اسے جلد از جلد ادا کردینا چاہئے۔ ٹریفک قوانین کے مطابق تمام چالان کو 45 دنوں کے اندر ادا کرنا ہوگا ورنہ پولیس گاڑی کو بھی ضبط کرسکتی ہے۔ پانچ سے زیادہ چالان کی صورت میں لائسنس مکمل طور پر منسوخ کیا جاسکتا ہے۔ مرکزی وزارت ٹرانسپورٹ نے مرکزی موٹر وہیکل قواعد 1989 میں ان اہم ترامین کی تجویز کی ہے۔ مرکزی وزارت ٹرانسپورٹ نے کئی نئے سخت قوانین لائے ہیں۔ اس مقصد کے لئے مسودہ قوانین کا نوٹیفکیشن حال ہی میں جاری کیا گیا ہے۔ ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور آٹومیشن کی بنیاد پر چالان کے اجراء، ادائیگی، اپیلوں جیسے معاملات کو تیز کیا جائے۔ واضح کیا گیا ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ حکام موٹر سیکل چلانے والے کو تین دن کے اندر اندر الیکٹرانک فارم میں نوٹس جاری کریں اور 15 دن کے اندر فزیکل فارم میں نوٹس بھیجیں۔ مرکز نے واضح کیا ہے کہ اگر مسودہ قوانین پر اعتراضات اور مشورے ہیں تو وہ روڈ ٹرانسپورٹ کی وزارت کے ایڈیشنل سکریٹری کو بھیج سکتے ہیں اور [email protected] پر بھی میل کرسکتے ہیں۔ ان نئے مجوزہ قوانین کے مطابق l اگر موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت کسی گاڑی پر پانچ یا اس سے زیادہ چالان ہیں تو متعلقہ اتھاریٹی کی طرف سے ڈرائیونگ لائسنس معطل کیا جاسکتا ہے۔ l فی الحال چالان 90 دنوں کے اندر ادا کرنا ہوتا ہے۔ نئے قوانین میں چالان کی ادائیگی 45 دنوں میں کرنی لازمی ہے۔ l تاخیر کی صورت میں محکمہ ٹرانسپورٹ اس گاڑی پر کسی قسم کی لین دین کی اجازت نہیں دے گا۔ جس کی وجہ سے اسے کسی کو فروخت کرنا ممکن نہیں رہے گا۔ لائسنس میں پتہ اور نام کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ تجدید بھی ممکن نہیں ہوگی۔ l چالان ادا نہ کرنے پر پولیس کو گاڑی ضبط کرنے کا اختیار ہے۔ فی الحال چالان گاڑی کے مالک کے نام پر جاری کئے جاتے ہیں۔ اب اگر یہ ثابت ہوجائے کہ مالک اس وقت گاڑی نہیں چلارہا تھا تو جو شخص گاڑی چلارہا تھا اس کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ (ش)