حیدرآباد ۔ /10 مارچ (سیاست نیوز) پنجہ گٹہ پولیس کی کرائم ٹیم نے موٹر سائیکلوں کے سرقہ میں ملوث دو عادی سارقین کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ 14 مسروقہ موٹر سائیکلیں ضبط کرلی ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر اے آر سرینواس نے کہا کہ 25 سالہ ڈی شیشیا ساکن پوچماں بستی پنجہ گٹہ اپنے ساتھی 23 سالہ آر گوردھن کی مدد سے علاقہ پنجہ گٹہ اور دیگر علاقوں میں پارک کی ہوئی موٹر سائیکلوں کو نشانہ بناتے ہوئے ان کا سرقہ کرلیا کرتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ شیشیا اور گوردھن نقلی چابیوں کی مدد سے پارک کی ہوئی موٹر سائیکلیں کھول کر اس کا سرقہ کرلیا کرتے تھے اور بعد ازاں انہیں کم دام میں فروخت کرتے تھے ۔ پولیس پنجہ گٹہ نے گرفتار سارقین کے قبضہ سے 14 مسروقہ موٹر سائیکلیں جن کی مالیت 10 لاکھ بتائی جاتی ہے ضبط کرلی ۔ پولیس پنجہ گٹہ نے گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے موٹر سائیکلوں کو لاپرواہی سے پارک نہ کریں اور مقفل کرنے کیلئے چین یا وہیل لاک کا بھی استعمال کریں ۔