چندی گڑھ: خالصتانی نظریاتی اور مفرور امرت پال سنگھ جس موٹر سائیکل پر سوار ہوکر فرار ہوا تھا ، وہ پنجاب پولیس کو مل گئی ہے، حکام نے بتایا کہ خود ساختہ مبلغ کی بڑے پیمانے پر تلاش پانچویں دن بھی جاری رہی۔بجاج پلاٹینا موٹرسائیکل جالندھر شہر سے تقریباً 45 کلومیٹر دور داراپور علاقے میں ایک نہر کے قریب لاوارث پائی گئی۔ مفرور امرت پال سنگھ کے چچا ہرجیت سنگھ اور اس کے ساتھی ہرپریت سنگھ کے ہتھیار ڈالنے سے پہلے وہ مہت پورکے قریب ادھووال گاؤں کے سرپنچ کے گھر میں زبردستی گھس گیا تھا اور اسے دھمکیاں دینے کے بعد وہیں رہ گئے تھے۔ سرپنچ منپریت سنگھ نے پولیس کو بتایا کہ اس کا بھائی کمل پریت سنگھ ان کے گھر پر تھا جب دو افراد ایک مرسڈیزکار میں آئے اور اس کے بھائی کو گیٹ کھولنے کی دھمکی دی۔ انہوں نے کہا انہوں نے میرے بھائی کو اپنے قیام کے لیے ایک کمرہ کھولنے پر مجبور کیا۔ انہوں نے ہمارے خاندان کو بھی گھر کے اندر رہنے پر مجبورکیا اور پولیس کو اطلاع نہ دینے کی دھمکی دی۔ یہ بتاتے ہوئے کہ کس طرح مفرور امرت پال سنگھ ابھی تک مفرور ہے جبکہ 18 مارچ کے کریک ڈاؤن کے سلسلے میں 154 لوگوں کوگرفتار کیا گیا ہے، پنجاب پولیس کے انسپکٹر جنرل سکھچین سنگھ گل نے منگل کو کہا کہ وہ ایک گردوارہ میں کپڑے بدل کر فرار ہوگیا تھا اور موٹر سائیکل پر فرار ہو گیا تھا۔ اس نے جو کار پہلے استعمال کی تھی اسے پولیس نے برآمد کر لیا ہے۔