حیدرآباد۔/12جولائی، ( سیاست نیوز) ونستھلی پورم پولیس نے موٹر سیکل سارق کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 3 لاکھ روپئے مالیتی موٹر سیکلوں کو ضبط کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس ونستھلی پورم مسٹر گاندھی نارائن نے بتایا کہ 25سالہ اے رمیش ساکن کرمن گھاٹ سرور نگر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ بی نارائن ریڈی نگر چوراہے پر تلاشی مہم کے دوران پولیس نے رمیش کی مشتبہ نقل و حرکت پر روک لیا اور جو گاڑی پر رمیش سوار تھا اس کے دستاویزات طلب کئے۔ تاہم اس نے دستاویزات بتانے سے گریز کیا ۔ پولیس نے شبہ ظاہر کرتے ہوئے رمیش کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا اور موٹر سیکل کے متعلق تفصیلات دریافت کی گئی جس کے بعد پولیس کا شک یقین میں بدل گیا اور پولیس نے پوچھ تاچھ شروع کی۔ اس دوران رمیش نے سرقہ کی گئی موٹر سیکل اور مزید 5 موٹر سیکلوں کے سرقہ کے جرم کو قبول کرلیا ۔ پولیس نے موٹر سیکلوں کو ضبط کرتے ہوئے ملزم کو عدالتی تحویل میں دے دیا۔