موٹر وہیکل ایکٹ پر عمل نہ کرنے کا فیصلہ : چیف منسٹر

   

حیدرآباد۔15ستمبر(سیاست نیوز) حکومت ہند کی جانب سے متعارف کئے گئے نئے موٹر وہیکل ایکٹ کو ریاست تلنگانہ میں عمل میں نہیں لایاجائے گا۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤنے اسمبلی میں یہ بات کہی۔ انہو ںنے بجٹ پر جاری مباحث کے دوران کہا کہ ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ترمیم شدہ موٹر وہیکل ایکٹ پر عمل آوری نہ کی جائے ۔ انہو ں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے عوام کو مشکلات میں مبتلاء کرنے والے کسی بھی قانون کو نافذ نہیں کیاجائے گا بلکہ ریاستی حکومت اپنے عوام کی سہولت اور ان کے تحفظ کے لئے بہتر قوانین کی تیاری عمل میں لائے گی۔ مسٹر کے چندشیکھر راؤ نے اسمبلی میں موٹر وہیکل ایکٹ پر عمل آوری نہ کرنے کے فیصلہ کے اعلان کے ساتھ اس مسئلہ پر جاری عوامی تجسس کو ختم کردیا ہے اور کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ایسے کسی بھی قانون پر عمل آوری نہیں کی جائے گی جو کہ ریاست کے عوام کو مشکلات میں مبتلا کرے۔