موٹر کاروں کا سرقہ کرنے والی ٹولی آشکار

   

تین کروڑ تیس لاکھ مالیتی روپیوں کی کاریں ضبط
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر اسٹیفن رویندرا نے بتایا کہ پولیس نے موٹر کاروں کا سرقہ کرنے والی ٹولی کو بے نقاب کردیا ہے اور ان کے قبضہ سے تین کروڑ تیس لاکھ روپئے مالیتی گیارہ کاروں کو ضبط کرلیا ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم راجندر نگر زون اور میلاردیو پلی پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی میں اس ٹولی کا پردہ فاش کیا اور 7 افراد 32 سالہ مکی الرحمن ساکن کنگ کالونی ، 37 سالہ کڈیم سرینواس راؤ ساکن نظام پیٹ ، 51 سالہ سمیر احمد ساکن میرٹھ ، 24 سالہ اشابل مونڈل مغربی بنگال ، 30 سالہ آشیش سود ، میرٹھ ، 26 سالہ اکشے ساکن میرٹھ اور 22 سالہ آکاش سود ساکن میرٹھ کو گرفتار کرلیا جب کہ اصل سرغنہ بی گوش عرف سونو ساکن مغربی بنگال شاہ زاد ، یو پی ، پرویز دہلی ، موہیت ملک ، شمشیر دلال ، دہلی ، ذاکر اور ارون بھگانی کولکتہ اور دہلی کا ساکنا ابھیشک کمار مفرور بتائے گئے ہیں ۔ کمشنر پولیس سائبر آباد نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اصل سرغنہ بپاگوش مسروقہ قیمتی کاروں کے نمبر پلیٹ کو بدل دیا کرتا تھا اور اس کے ساتھ گاڑی کے انجن اور چیسی نمبر کو بدل کر نیا نمبر تیار کرتا تھا اور ان نمبرات کی بنیاد پر فرضی رجسٹریشن نمبر پلیٹ لگاکر گاڑیوں کو حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر مقامات پر فروخت کرتا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ فرضی آر سی اور چیسی نمبرات کو مہاراشٹرا ، مغربی بنگال اور تلنگانہ کے ڈیلرس سے حاصل کرتا تھا ۔ اور حیدرآباد میں کار ڈیلر مکی الرحمن اور سرینواس راؤ کو روانہ کرتا تھا اس کام کے لیے اشابل مونڈل اور اکشے کو اس نے حیدرآباد میں اپنا ایجنٹ مقرر کیا تھا اور کار گاہکوں کو پیشگی قیمت پر فروخت کرنے کے بعد رجسٹریشن دستاویزات بعد میں روانہ کرنے کے لیے2 تا 3 ماہ کا وقت لیا کرتے تھے ۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے 11 کاریں ، 8 اسمارٹ فون ، 6 جعلی آر سی 11 نقلی چابیاں ایک فرضی نمبر پلیٹ اور شیئر چابی کے سیٹ کو ضبط کرلیا ۔ اس ٹولی کے خلاف حضرت نظام الدین ساوتھ ایسٹ دہلی پولیس صفدر جنگ ، اشوک دہار ، کرائم برانچ دہلی ، ہریانہ اور پنجاب کے علاوہ چلکل گوڑہ ، حیدرآباد اور مریال گوڑہ نلگنڈہ میں مقدمات درج ہیں جب کہ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس اسٹیشن میں سرینواس راؤ کے خلاف سال 2019 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔۔ ع