موٹے، حاملہ خواتین اور دیگر افراد کو عمرہ کی اجازت نہیں

,

   

مکہ مکرمہ ۔ سعودی عرب کے وزارت صحت نے 6 قسم کے افرادکو عمرہ اور زیارت موخر کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پرکہا ہے کہ 6 قسم کے امراض میں مبتلا افراد کو چاہئے کہ وہ فی الحال عمرہ اور زیارت کا ارادہ نہ کریں۔ایسے افراد جو غیر مستقل شوگر لیول رکھتے ہیں اور انہیں شوگر کی سطح میں ٹھہراؤ نہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ 6 ماہ کے دوران دواخانہ میں داخل ہونا پڑا، انہیں عمرہ اور زیارت کا ارادہ موخر کرنا چاہئے۔ایسے افراد جن کا بلڈ پریشر ہائی ہے اور اس کے باعث انہیں گزشتہ 6 ماہ کے دوران دواخانہ میں داخل ہونا پڑا یا دل کے امراض میں مبتلا ہیں یا جن کے دل کا مسل کمزور ہے، وہ فی الحال عمرہ نہ کریں۔ وہ افراد جن کا خود کار دفاعی نظام کمزور ہے، سینے کے امراض میں مبتلا ہیں اور جنہیں گزشتہ 6 ماہ کے دوران دواخانہ میں داخل ہونا پڑا ان کے لیے بھی یہی ہدایت ہے۔وزارت نے کہا ہے کہ حد سے زیادہ موٹاپے کا شکار افراد، جگر کے امراض میں مبتلا یا تاجی شریانوں کے امراض میں مبتلا افراد جنہیں گزشتہ 6 ماہ کے دوران اس بیماری کی وجہ سے دواخانہ میں داخل ہونا پڑا اور حاملہ خواتین بھی عمرہ اور زیارت موخر کریں۔ وزارت نے کہا ہے کہ مذکورہ بالا قسم کے افراد کو یہ ہدایت ان کی سلامتی کو مد نظر رکھ کر دی جا رہی ہے۔