راشٹریہ سویم سیوک سنگھ ( آر ایس ایس) نے وجئے دشمی کے موقع پر منگل کو اپنا یوم تاسیس منایا۔ اس موقع پر آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے ناگپور واقع سنگھ ہیڈکوارٹر میں پوجا کی۔ اس کے بعد سویم سیوکوں سے خطاب کرتے ہوئے موہن بھاگوت نے موب لنچنگ کے واقعات کا ذکر کیا۔ بھاگوت نے کہا کہ لنچنگ جیسے واقعات سے سنگھ کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
موہن بھاگوت نے کہا ’’ موب لنچنگ جیسے واقعات سے سنگھ کا کوئی لینا دینا نہیں ہوتا۔ لیکن اسے طرح طرح سے پیش کر کے اسے ایک مدعا بنانے کا کام چل رہا ہے۔ یہ ایک سازش ہے جسے ہر ایک کو سمجھنا چاہئے‘‘۔
بھاگوت نے کہا ’’ ایسے واقعات کو روکنا ہر کسی کی ذمہ داری ہے۔ قانون وانتظام کے حدود کی خلاف ورزی کر کے تشدد کا رجحان سماج میں باہمی تعلقات کو ختم کر اپنا دبدبہ ظاہر کرتا ہے۔ یہ ہمارے ملک کی روایت نہیں ہے، نہ ہی ہمارے آئین میں یہ ہے۔ کتنا بھی اختلاف ہو، قانون اور آئین کے دائرہ میں رہیں۔
پروگرام میں بھاگوت نے وزیر اعظم مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بہت دنوں بعد ملک میں کچھ اچھا ہو رہا ہے۔ ملک کی سلامتی پہلے سے زیادہ بڑھی ہے۔ وہیں جموں وکشمیر کا ذکر کرتے ہوئے آر ایس ایس سربراہ نے کہا ’’ جموں وکشمیر سے آئین کے آرٹیکل 370 کو ہٹا کر مودی حکومت نے ثابت کر دیا کہ وہ اس طرح کے سخت فیصلے لینے میں اہل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک پہلے سے زیادہ محفوظ ہے۔جموں وکشمیر سے آرٹیکل 370 ہٹانا ایک بڑا قدم ہے۔