ہردوئی ۔ 24 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع ہردوئی میں مویشیوں کی مبینہ غیرقانونی اسمگلنگ و ذبیحہ میں ملوث افراد کی ٹیم اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں بشمول دو ملازمین پولیس چھ افراد زخمی ہوگئے ، پولیس کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ گیاننجئے سنگھ نے کہا کہ کلیان من چوکی میں آم کے ایک ویران و سنسنان باغیچہ میں ذبیحہ گاؤ کی اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم روانہ ہوئی تھی لیکن اسمگلروں نے اندھادھند فائرنگ شروع کردی اور پولیس کی جوابی فائرنگ میں دو اسمگلرس مجیب اور حبیب زخمی ہوگئے ۔ ٹولی کا تیسرا رکن ولی محمد گرفتار کرلیا گیا ۔ اس کے قبضہ سے 15 کنٹل بیف ضبط کرلیا گیا ۔ پولیس فائرنگ میں دیگر دو اسمگلرس شبیر اور رئیس بھی زخمی ہوئے ہیں۔