نئی دہلی،19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج کہا کہ وزیرا عظم نریندر مودی کی‘میں بھی چوکیدار ہوں’ مہم ملک کے کروڑوں افراد کی ایک عظیم عوامی تحریک بن گئی ہے اور اس سے انہی افراد کو پریشانی ہورہی ہے جو ضمانت پر ہیں اور جن کی پارٹی،خاندان اور جائداد مصیبت میں ہیں۔ بی جے پی کے قد آور رہنما مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اس مہم سے ڈاکٹر، انجینیئر، پیشہ ور، وکیل، کسان، نوجوان، خواتین اور اہلکاروغیرہ جڑے ہیں۔ لیکن؛ کچھ افراد کو اس سے پریشانی ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ضمانت پر ہیں، جن کی پارٹی، خاندان اور جائداد مصیبت میں ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جن کے پاس چھپانے کے لیے ہے انہی کواس مہم سے پریشانی ہورہی ہے ۔ مرکزی وزیر نے چوکیدار مہم کے بارے میں کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کے بیان کے حوالے سے کہا،‘کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ چوکیدار تو امیروں کے ہوتے ہیں۔ انھیں کیسے سمجھایا جائے کہ جولوگ اقتدار میں تھے ، وہ غریبوں کا کروڑں روپیے لوٹ کر کھا رہے تھے اور یہ چوکیدار اسے روکنے لیے آئے ہیں’۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ سکھ اور سہولتوں میں پیدا ہوئے ہیں، وہ تبصرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک کے عوام کا شکریہ اداکرنا چاہتی ہے جو کروڑوں کی تعداد میں اس مہم سے جڑ رہے ہیں۔ اس سے دنیا کو غیر معمولی پیغام گیا ہے کہ عوام بدعنوانی اور بد حکمرانی سے لڑنا چاہتے ہیں۔