نئی دہلی 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اپنی مہم ’مَیں بھی چوکیدار‘ میں شدت پیدا کرتے ہوئے 31 مارچ کو عوام سے رابطہ کریں گے جنھوں نے ملک بھر کے 500 مقامات سے ان کی مہم کی تائید کرنے کا عہد کیا ہے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزیو زیر روی شنکر پرساد نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ مہم اب عوامی تحریک بن گئی ہے کیوں کہ ’مَیں بھی چوکیدار‘ ہیش ٹیگ کے ساتھ 20 لاکھ مرتبہ ٹوئیٹس کئے گئے ہیں اور 1680 کروڑ تاثرات آئے ہیں۔ اس سوال پر کہ آیا یہ کانگریس کے صدر راہول کے نعرہ ’چوکیدار ہی چور ہے‘ کا جواب تو نہیں ہے؟ اُنھوں نے نفی میں جواب دیا اور کہاکہ مودی نے 2014 ء کی انتخابی مہم میں خود کو ملک کے ’چوکیدار‘ اور ’پہلے خدمت گذار‘ کے طور پر پیش کیا تھا۔ مودی نے کہاکہ رشوت اور دیگر سماجی بُرائیوں کے خلاف جدوجہد میں وہ تنہا نہیں ہیں۔ اُنھوں نے مَیں بھی چوکیدار ہوں کا عہد لینے کی خواہش کی تھی۔