مُشتاق انتولے این سی پی اجیت پوار میں شامل

   

ممبئی: کانگریس لیڈر اور انجمن اسلام کے نائب صدر مشتاق انتولے نے این سی پی (اجیت) میں آج شمولیت اختیار کی، سابق ایم ایل سی اور مہاراشٹرا پولیوشن کنٹرول بورڈ کے سابق چیئر مین مشتاق انتولے مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر اورممتاز رہنما بیرسٹر عبدا لرحمان انتولے کے داماداور بھتیجے بھی ہیں۔اس موقع پرڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار بھی جلسہ میں شریک تھے ۔ اس سے قبل کارگزار صدر پرفُل پٹیل نے ان کے این سی پی میں شامل کرنے کا پروانہ دیا،جبکہ کابینی وزیر چھگن بھجبل،ریاستی صدر اور رائے گڑھ امیدوار سنیل تٹکرے ،وزیرحسن مشرف ، اقلیتی شعبہ صدر ایڈوکیٹ سید جلال الدین،کوکن بینک کے سابق چیئرمین علی ایم شمسی ،واصف غلام امام، دھنجیہ منڈے شامل رہے ۔یہاں این سی پی کا انتخابی منشور جاری کیاگیا۔مشتاق انتولے نے کہاکہ مہاراشٹرا اور ملک کی ترقی اور بہتری کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے سنیل تٹکرے کے ذریعے مرحوم عبدالرحمن انتولے کی سیاسی کارکردگی اور ایک منتظم کی حیثیت سے یاد پر شکریہ اداکیا۔انہوں نے کہاکہ مرحوم انتولے نے مہاراشٹراکی ترقی اور بہتری کیلئے جوکیا اس کیلئے انہیں ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔واضح رہے کہ مُشتاق انتولے 1990 تا 2010 مہاراشٹراا کانگریس کے نائب صدر یا جنرل سیکرٹری کے منصب پر فائز رہے ہیں۔