مٹ پلی میں مقفل شوگر فیکٹری کی بازیابی کا مطالبہ

   

کسانوں کے احتجاجی جلسہ سے ریونت ریڈی کا خطاب،حکومت پر تنقید
مٹ پلی۔/11 مارچ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس پارٹی صدر ( ٹی پی سی سی ) ریونت ریڈی نے آج متیم پیٹ شوگر فیکٹری کے مین گیٹ کے روبرو گنا کسانوں کے احتجاجی جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ متحدہ ضلع کریم نگر میں واحد نظام شوگر فیکٹری متیم پیٹ ( مٹ پلی ) برسوں سے مقفل پڑی ہے جس کی وجہ سے علاقہ کے گنا کسان کئی مشکلات سے دوچار ہوتے رہے۔ بی آر ایس پارٹی کے حکمرانوں بشمول چیف منسٹر کے سی آر نے گنا کسانوں کے ساتھ وعدہ کیا کہ اقتدار کے 100 دنوں کے اندر شوگر فیکٹری کی بازیابی کی جائے گی۔ وعدہ وفا نہیں ہوا، ابھی تک شوگرفیکٹری مقفل پڑی ہے۔ کسانوں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ بند کیا جائے۔ شوگر فیکٹری کی بازیابی کرتے ہوئے گنا کسانوں کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ عنقریب کانگریس پارٹی کو مرکز میں اور ریاست میں پھر سے اقتدار ملے گا اور تمام مسائل کی یکسوئی کی جائے گی۔ انہوں نے کسانوں اور عوام سے خواہش کی ہے کہ بی جے پی اور بی آر ایس پارٹیوں کی باتوں میں نہ آئیں۔ ملکی حالات میں سدھار اور سیکولرازم کی بقاء کیلئے آنے والے انتخابات میں کانگریس کے ہاتھ کے نشان کو ووٹ دے کر اقتدار میں لائیں۔اس موقع پر پارٹی قائدین ٹی پی سی سی ڈیلیگٹ ( نمائندے ) کلوا کنٹلہ سجیت راؤ، اڈلوری لکشمن، کومی ریڈی، لنگا ریڈی، کومی ریڈی کرم، نرسنگھ راؤ، جٹی لنگم ، محمد رئیس الدین، محمد قطب الدین، خواجہ عظیم الدین پاشہ، اندے ماروتی ، باپوجی، محمد خالد کے علاوہ کسانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔