ٹی آر ایس نے رکن پارلیمنٹ نظام آباد اور بی جے پی نے رکن اسمبلی ودیا ساگر راؤ کا پتلا نذر آتش کیا
مٹ پلی : مٹ پلی اور کورٹلہ ڈیویژن شہروں میں رکن پارلیمان حلقہ نظام آباد دھرما پوری اروند کا ابراھیم پٹنم منڈل مقام گودور میں دورے کے خلاف تناؤ کا ماحول بنا ہوا ہے ۔ ٹی آر ایس پارٹی قائدین نے ایم پی اروند کاعلامتی پتلہ اور بی جے پی قائدین نے ایم ایل اے کلوا کنٹلہ ودیا ساگر راؤ کا علامتی پتلہ نذر آتش کرتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی ۔ ایم پی اروند کی آمد پر ڈی ایس پی رویندر ریڈی کی جانب سے علاقہ میں پولیس کا معقول بندوبست تھا ۔ ایم پی اروند نے گودور مقام پر ہلدی کے کھیتوں میں جاکر فصلی ہلدی کا معائنہ کرتے ہوئے کسانوں کے حق میں کام کئے جانے کا عہد کیا ۔ انھوں نے ٹی آر ایس حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف الزام تراشی نہ کریں۔ اگر نظام شوگر فیاکٹری ان کے حوالہ کی جائے تو وہ اس کی بازیابی کرکے بتائیں گے ۔ اس موقع پر بی جے پی پارٹی قائدین بوڈلہ رمیش ( ٹاؤن صدر) چٹلہ پلی سکھیندر گوڑ ، بوڈلہ نوین ، سنکیٹا وجئے اور دیگر موجود تھے۔