میلبورن، 2 ستمبر (آئی اے این ایس)۔ آسٹریلیا کے مایہ ناز فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے ٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشیکا اعلان کر دیا ہے تاکہ وہ اپنے ٹسٹ کیریئر کو طول دے سکیں اور 2027 کے ونڈے ورلڈ کپ پر اپنی نظریں جما سکیں۔35 سالہ اسٹارک نے پچھلے سال کیریبین میں ہوئے ورلڈ کپ کے بعد سے کوئی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل نہیں کھیلا۔ وہ ٹسٹ، ونڈے اور گھریلو ٹی ٹوئنٹی لیگز (بشمول آئی پی ایل) میں کھیلتے رہیں ہیں۔ اسٹارک نے آسٹریلیا کی جانب سے 65 ٹی ٹوئنٹی میچزکھیلے اور 79 وکٹیں حاصل کیں، جس میں ان کا اکانومی ریٹ 7.74 اور اوسط 23.81 رہا۔ وہ آسٹریلوی فاسٹ بولرز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی ہیں۔ صرف اسپنر ایڈم زمپا (130) ان سے آگے ہیں۔ اسٹارک نے 2012 میں ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا تھا اور پانچ عالمی ایونٹس میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔ ان کا سب سے یادگار لمحہ 2021 کا ورلڈکپ ہے، جب آسٹریلیا نے پہلی بار خطاب جیتا۔