سنسرس نصب کرکے پتہ چلانے والی ٹکنالوجی کی تیاری
حیدرآباد۔ ریاست میں ملیریا اور ڈینگو کیسوں میں اضافہ کے دوران حکومت کی جانب سے مچھروں کا پتہچ لانے کی مہم شروع کرنے کا منصوبہ ہے اور اس کیلئے انٹرنیٹ ٹکنالوجی کا استعمال کیا جائیگا ۔ اس ٹکنالوجی کے ذریعہ مخصوص علاقوں کی نگرانی کی جائے گی اور مچھروں کی بہتات ہونے پر انتظامیہ کو مطلع کیا جائیگا تاکہ فوری کوئی اقدام کیا جاسکے ۔ کہا گیا ہے کہ مچھروں کا پتہ چلانے کے نظام کی تیاری حیدرآباد سے شروع ہوئی اسٹارٹ اپ کمپنی ماروت ڈرون ٹیک کی جانب سے عمل میں لائی گئی ہے ۔ اس میں سنسر سے کام کرنے والی ٹکنالوجی استعمال کی جائیگی تاکہ مچھروں کا پتہ چلایا جاسکے گا اور ان کی بہتات کا اندازہ کرنے کے علاوہ ان کی اقسام کا پتہ بھی چلایا جائیگا ۔ ماروت ڈرون ٹیک حکومت کے ریسرچ اینڈ انو ویشن سرکل حیدرآباد کے اشتراک میں کام کر رہا ہے ۔ کمپنی کا مقصد شہر میں مچھروں کی بہتات سے نمٹنے میں جی ایچ ایم سی کی مدد کرنا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ سے متعلق ٹکنالوجی کو ہر موسم میں کام کرنے والے انکلوژر میں استعمال کیا جائیگا اور یہ کفایتی دام پر تیار کرنے کا بھی منصوبہ ہے ۔ اس ٹکنالوجی کو ایک مرتبہ مربوط کردینے کے بعد اس میںزیادہ کچھ کرنے کی ضرورت نہیں پڑیگی ۔ ماروٹ ڈرون ٹیک کے شریک بانی پریم کمار وسلاواتھ نے یہ بات بتائی ۔ یہ لوگ سنسرس کو برقی کھمبوں یا برقی دستیاب رہنے والے دوسرے مقامات پر نصب کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔