نئی دہلی 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے راجیہ سبھا میں جمعہ کو کہاکہ بڑے جانور کے گوشت اور مچھلی کی برآمدات پر امتناع عائد کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ مملکتی وزیر سمکیات، افزائش حیوانات و ڈیر فارمنگ سنجیو کمار بلیان نے وقفہ سوالات کے دوران کہاکہ ’مچھلی یا بڑے جانور کے گوشت کی درآمدات پر امتناع عائد کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے‘۔ ایک ضمنی سوال پر اُنھوں نے جواب دیا کہ ہندوستان 70,000 کروڑ روپئے مالیتی مچھلی اور بڑے جانوروں کا گوشت برآمد کرتا ہے۔ ایک دوسرے سوال پر اُنھوں نے جواب دیا کہ گاؤ شالہ کے اُمور ریاستوں کے دائرہ کار میں شامل ہیں۔ جانوروں کی دیکھ بھال سے متعلق فلاحی بورڈ جو اپنے اسٹاف و ملازمین کی اجرتیں بھی خود ہی ادا کرتا ہے، چار کروڑ روپئے کے معمولی بجٹ سے گاؤشالاؤں کے لئے زیادہ مدد فراہم نہیں کرسکتا۔
