نکاح کی پیشکش ، سیر و تفریح اور رقمی مدد کے باوجود خاتون کا نوجوان پر حملہ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : مچھلی والی خاتون سے محبت ایک نوجوان کے لیے مہنگی ثابت ہوئی، محنتی خاتون سے ہمدردی اور نکاح کرنے کی نیک نیت نوجوان پر حملہ کا سبب بن گئی ۔ ملک کے بڑے شہروں میں سیر و تفریح اور خوشگوار تعلقات میں آخر کار رقمی لین دین حائل ہوگئی اور رسوائی کا سبب بن گئی ۔ بارکس پیلی درگاہ کے قریب مچھلی تلن کرنے والی خاتون پر الزام ہے کہ اس نے نوجوان پر حملہ کردیا اور وہ اس حملہ میں زخمی ہوگیا ۔ یہ واقعہ سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا جو شہر اور بیرون شہر حلقوں میں سنسنی کا سبب بنا ہوا ہے ۔ شہری اپنی ذہنیت کے لحاظ سے اس واقعہ پر مختلف تبصرے کرنے لگے ہیں ۔ زخمی نوجوان نے سوشیل میڈیا پر اپنا بیان جاری کیا جس نے اپنے بیان میں خاتون پر سنگین الزامات لگائے ۔ نوجوان سید کا کہنا ہے کہ وہ خاتون سے شادی کرنا چاہتا تھا خاتون مچھلی تلن کرتے ہوئے تجارت کررہی ہے ۔ ایک دن نوجوان اس کی دکان پر پہونچا اور خاتون کی سخت محنت سے متاثر ہوگیا ۔ اس خاتون سے دریافت کیا اور اس کی آپ بیتی سن کر متاثر ہوگیا اور اس نے فوراً خاتون سے شادی کا ارادہ ظاہر کردیا اور خاتون سے نکاح کی پیشکش کی ۔ سید کے مطابق وہ سی سی ٹی وی ٹکنیشن کا کام کرتا ہے جو عثمان نگر علاقہ کا ساکن ہے ۔ اس کے بعد دونوں میں دوستی ہوئی اور بات چیت کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ سید نے بتایا کہ وہ کار کا شوقین ہے اور اس نے خاتون کے ساتھ ممبئی اور بنگلور جیسے شہروں میں سیر و تفریح کی ۔ خاتون اس سے مسلسل ہوٹل جانے اور وقت گذارنے کا مطالبہ کررہی تھی لیکن وہ ہر مرتبہ انکار کرتا تھا اور اس نے کئی مرتبہ خاتون کی رقمی مدد کی جیسے جیسے آرڈس میں کمائی ہوئی تھی وہ گھر میں خرچ کئے بغیر خاتون کو دیا کرتا تھا اور اور چند روز سے رقم دینا بند کردیا تھا ۔ خاتون کی چکر میں وہ گھر والوں کی ناراضگی کا سبب بن گیا تھا اور اس کے والدین بھی پولیس سے رجوع ہوئے تھے ۔ سید نے اپنی والدہ سے اس خاتون سے شادی کی خواہش کی تھی لیکن گھر والوں نے انکار کردیا تھا ۔ سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا ۔ سید کا الزام ہے کہ رقم دینا بند کرنے کے بعد جھگڑے شروع ہوئے اور خاتون نے اس پر حملہ کردیا اور اس نے بتایا کہ حملہ کے خلاف اس نے پولیس میں شکایت درج کروائی ہے ۔۔ ع