مچھلی پکڑنے کے دوران ایک شخص فوت

   

یلاریڈی ۔ 6 ؍اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مچھلیاں پکڑنے جا کر حادثاتی طور پر تالاب میں گرنے سے ایک شخص فوت ہوگیا ۔ یہ واقعہ منڈل گندھاری کے گنڈویٹ علاقہ میں پیش آیا ۔ موضع سے تعلق رکھنے والا 40سالہ احمد حسین موضع شیوار کے تالاب میں مچھلی پکڑنے جا کر حادثاتی طور پر گرنے سے فوت ہوا ۔ سب انسپکٹر مسٹر ستیش کی تفصیلات کے مطابق نصر اللہ آباد زمنڈل کے دوکی موضع سے تعلق رکھنے والا احمد حسین اپنے خاندان کے ساتھ گذشتہ سال سے ہی گنڈویٹ میں رہ رہا تھا ۔ شام کے وقت مچھلیاں کوپکڑنے کے لئے ساز و سامان لیئے تالاب کو گیا اور رات کو گھر واپس نہ آنے پر خاندان والوں نے صبح تالاب کے پاس تلاش کیا جس پر تالاب میں احمد حسین فوت ہوئے پایا گیا ۔ موضع والوں نے پولیس کو اطلاع دی پولیس نے مقام حادثہ پہنچ کر نعش کا پنچنامہ کیا اور نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سرکاری دواخانہ منتقل کیا ۔ متوفی کی بیوہ کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔