انتاناناریوو: مڈغاسکر کے دارالحکومت انتاناناریوو کے باریا اسٹیڈیم میں میں 11 ویں انڈین اوشین آئی لینڈ گیمز کی افتتاحی تقریب کے دوران داخلی دروازے پر بھگدڑ مچنے سے کم از کم 12 افراد ہلاک اور تقریباً 80 زخمی ہوگئے ۔ یہ اطلاع مڈغاسکر کے وزیر اعظم کرسچن اینٹسے نے دی۔ وزیر اعظم نے جمعہ کی شام میڈیا کو بتایا کہ بھگدڑ میں مرنے والوں کی تعداد 12 ہے اور تقریباً 80 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 11 کی فوری سرجری کی ضرورت ہے ۔ اینٹسے نے کہا، “حکومت زخمیوں کے طبی اخراجات برداشت کرے گی اور تمام اداروں کی جانب سے ، میں متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ مڈغاسکر کے صدر اینڈری راجویلینا نے مرنے والوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ صدر نے اس واقعہ کو افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم کے داخلی دروازے پر بھگدڑ مچ گئی۔ کئی لوگ زخمی ہیں۔ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے صدر نے خاموشی اختیار کرنے کی اپیل کی ہے ۔
اس کے بعد افتتاحی تقریب میں صدرنے بھگدڑ میں ہلاک ہونے والوں کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ قابل ذکر ہے کہ 26 جون 2019 کو، مڈغاسکر کی آزادی کا جشن منانے کے دوران مہاماسینا اسٹیڈیم میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 15 افراد ہلاک اور 75 دیگر زخمی ہوگئے تھے ۔