مڈ ڈے میل مینو سے انڈے غائب !

   

حیدرآباد ۔ 10 ۔ نومبر : (سیاست نیوز) : حیدرآباد میں گورنمنٹ اسکول طلبہ کے لیے مڈ ڈے میل مینو سے زائد از ایک ماہ سے انڈے غائب ہوگئے ہیں کیوں کہ انڈوں کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے اور سپلائنگ ایجنسی کے لیے انڈوں کی قیمت میں اضافہ اور بقایہ جات کی عدم ادائیگی کے باعث جو کروڑہا روپئے کے ہوگئے ہیں ۔ مشکلات کا سامنا ہے ۔ عہدیداروں اور ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت سپلائر کو فی انڈہ 2.5 روپئے ادا کرتی ہے جب کہ مارکٹ میں اس کی قیمت 6 روپئے فی انڈہ ہوگئی ہے ۔ چنانچہ اس نقصان کو برداشت نہ کرپاتے ہوئے ایجنسی نے جو برسوں سے قیمت پر نظر ثانی کرنے کی درخواست کررہی ہے ۔ دسہرہ کی تعطیلات کے بعد اکٹوبر کے وسط سے انڈوں کی سربراہی کو روک دیا ہے ۔ ریاستی حکومت اگست ، ستمبر اور اکٹوبر کے لیے مڈ ڈے میل ایجنسی کو تقریبا 4 کروڑ روپئے ادا کرنا باقی ہے اس کے علاوہ سابق بی آر ایس حکومت کی جانب سے 2023 میں شروع کی گئی ناشتہ اسکیم کے تحت 13 کروڑ روپئے زیر التواء ہیں ۔ گورنمنٹ اور ایڈیڈ اسکولس میں کھانا منا ٹرسٹ کی جانب سے فراہم کیا جاتا ہے جو ریاستی حکومت کے ساتھ شراکت میں کام کرنے والا ایک این جی او ہے ۔ ٹیچرس نے کہا کہ انڈوں کی سپلائی نہ ہونے سے طلبہ اہم تغذیہ بخش غذا سے محروم ہوگئے ہیں ۔ اس کے شیڈول کے مطابق ان اسکولس میں طلبہ کو پیر ، چہارشنبہ اور ہفتہ کو دوپہر کے کھانے میں انڈے دیئے جاتے ہیں اور دوسرے دنوں میں انڈوں کی جگہ کیلے ( موز ) دئیے جاتے ہیں تاہم حالیہ ہفتوں میں ان میں سے کچھ بھی نہیں دیا گیا ۔۔