حیدرآباد کے بشمول ملک کے 7 بڑے شہروں میں یہی رجحان، انارک رپورٹ میں انکشاف
حیدرآباد ۔ یکم جولائی (سیاست نیوز) رئیل اسٹیٹ کنسلٹنٹ انارک نے انکشاف کیا ہے کہ حیدرآباد کے بشمول ملک کے 7 بڑے شہروں میں اس سال اپریل تا جون کے درمیان مکانات کی قیمتوں میں جہاں اوسطاً 11 فیصد کا ا ضافہ ہوا ہے ، وہی اسی مدت کے دوران فروخت میں 20 فیصد کی گراوٹ آئی ہے۔ ر پورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپریل تا جون 2024 کے درمیان 1,20,335 مکانات/ فلیٹس فروخت ہوئے تاہم جاریہ سال 2025 میں اسی مدت کے دوران صرف 96,285 مکانات اور فلیٹس فروخت ہوئے ۔ حیدرآباد، دہلی ، این سی آر ، ممبئی ، میٹرو پولیٹن ریجن (ایم ایم آر) بنگلورو، پونے اور کولکتہ میں مکانات کی فروخت میں کمی آئی ہے ۔ مگر چینائی میں فروخت میں اضافہ ہوا ہے ۔ ہندوستان اور پاکستان کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر دیگر ممالک کے درمیان جنگ اور کشیدگی کی صورتحال پیدا ہوئی جس کا خریداری پر اثر پڑا ہے ۔ لوگ خریداری کے معاملے میں ’’دیکھو اور انتطار کرو‘‘ کی پالیسی پر عمل کرتے دکھائی دیئے ۔ گزشتہ دو سال کے دوران مکانات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا جس کا بھی خریدی پر اثر پڑا ہے ۔ انارک کے صدرنشین انوچ پوری نے بتایا کہ جنگی تناؤ میں کمی اور RBI کی جانب سے شرح سود میں کمی کرنے کا خریداروں میں مثبت ردعمل دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ انارک کے صدرنشین نے گزشتہ دو سال 2024-25 کے دوران اپریل۔ جون میں مکانات اور فلیٹس کی فروخت کا تقابل کرتے ہوئے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں گزشتہ سال کے بہ نسبت 27 فیصد بنگلورو میں 8 فیصد ممبئی میں 25 فیصد پونے میں 27 فیصد کولکتہ میں 23 فیصد، دہلی ، ا ین سی آر میں 14 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے جبکہ چینائی میں 11 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔2