مکان خریدی کے قرض پر سود سبسیڈی میں رعایت

   

Ferty9 Clinic

حکومت کی نئی اسکیم، مرکزی بجٹ کے اہم فیصلوں میں اسکیم کو قطعیت

حیدرآباد۔7جولائی (سیاست نیوز) مکان کی خریدی کے لئے حاصل کئے جانے والے قرض پر عائد کئے جانے والے سود پر 2لاکھ کی سبسیڈی کو بڑھا کر 3.5 لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے نئے مکان کی خریدی کرنے والوں کو فائدہ پہنچے گا اور نیا مکان خریدنے والے اس سبسیڈی کے حصول کے لئے اہل ہوں گے ۔ بجٹ کے اہم فیصلوں میں کئے گئے اس فیصلہ میں حکومت نے رہائش کی غرض سے خریدے جانے والے مکان کی خریدی کیلئے حاصل کئے جانے والے قرض پر عائد ہونے والے سود میں 2لاکھ تک کی سبسیڈی جو فراہم کی جاتی ہے اسے بڑھا کر 3.5لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور 45لاکھ تک کی قیمت کے مکان کیلئے یہ سبسیڈی کی رقم رہے گی۔ فینانس منسٹر مسز نرملا سیتا رمن کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق 40لاکھ تک قرض حاصل کرتے ہوئے خریدی جانے والی جائیداد پر 9.5فیصد شرح سود پر فراہم کی جانے والی اس سبسیڈی کو ابتدائی 5تا7 سال کے دوران ہی حاصل کیا جاسکتا ہے اور ان برسو ںمیں مکان خریدنے والے کو سبسیڈی کی مکمل رقم 3.5لاکھ منہاء کردی جائے گی ۔ 20 فیصد ٹیکس ادا کرنے والوں کے زمرہ میں شامل افراد جن کی سالانہ آمدنی 5تا10لاکھ کے درمیان ہے وہ 7.5فیصد پر قرض حاصل کرسکتے ہیں اور انہیں 7 لاکھ تک کے فوائد پہنچائے جائیں گے۔ حکومت کی جانب سے ہر شہری کو مالک مکان بنانے کی پالیسی کے تحت کئے گئے اس فیصلہ سے مکان کے قرض پر عائد ہونے والے سود پر سبسیڈی کی فراہمی کے ذریعہ انہیں فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے او رکہا جا رہاہے کہ حکومت کی اس اسکیم سے متوسط طبقہ کے افراد اگر فائدہ حاصل کرتے ہیں تو انہیں 3.5 لاکھ کے بجائے 7لاکھ تک کے فوائد پہنچائے جائیں گے جو کہ سود پر سبسیڈی کے علاوہ دیگر طریقوں سے پہنچائے جانے کا منصوبہ ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے مکان کی خریدی کیلئے فراہم کی جانے والی اس سہولت سے استفادہ کنندگان کی تعداد کو محدود نہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس اسکیم کے استفادہ کنندگان کے لئے یہ شرط ہے کہ وہ اپنی رہائش کے لئے یہ جائیداد خریدیں اور اگر کوئی سرمایہ کاری کیلئے جائیداد خریدتا ہے تو اسے اس اسکیم سے استفادہ کا اہل تصور نہیں کیا جائے گا۔ اس اسکیم سے استفادہ کرنے کے لئے شہری اور دیہی علاقوں کے علاوہ میٹرو شہروں میں مکانات کی علحدہ علحدہ زمرہ بندی کرتے ہوئے ان کی فروخت اور دیگر امور طئے کئے گئے ہیں۔