مکتھل، پرجاپالنا پروگرام میں ڈھائی ہزار درخواستیں موصول

   

عوام کا مثبت ردعمل، کمشنر مجلس بلدیہ مکتھل بلرام نائک کا خطاب

مکتھل ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مکتھل مستقر ٹاؤن میں ریاستی حکومت کی جانب سے آغاز کئے گئے۔ ’’پرجا پالنا، حکومت کا عوامی دربار‘‘ پروگرام میں صرف دو روز میں ڈھائی ہزار کے قریب درخواستیں موصول ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق مستقر ٹاؤن کے تمام 16 بلدی وارڈس میں عوامی سہولت کے لئے لگائے گئے درخواست وصولی مراکز پر عوام کا زبردست و خوشگوار ردعمل سامنے آیا اور پروگرام کے آغاز کے ساتھ ہی بڑی تعداد میں مرد و خواتین جمع ہوئے اور درخواست فارم کی خانہ پُر کے ذریعہ اپنی درخواستیں عہدیداروں کے پاس داخل کی۔ کمشنر میونسپالٹی مکتھل بلرام نائک نے سیاست نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل پہلے دن ٹاؤن کے جملہ 16 بلدی وارڈس سے وصول شدہ درخواستیں ایک ہزار پچاس 1050 وصول ہوئیں اور آج دوسرے دن 29 ڈسمبر کو 1386 درخواستیں موصول ہوئیں۔ اس طرح مکتھل مستقر ٹاؤن سے دو دن میں جملہ 2436 درخواستیں جمع کی گئیں۔ بلرام نائک کے بموجب یہ اعداد و شمار صرف مکتھل میونسپالٹی کے حدودکے اندر کے ہیں جبکہ دیہی علاقوں اور گرام پنچایتوں سے بڑی تعداد میں عوام درخواستیں جمع کر رہے ہیں اور حکومت کی جانب سے عوامی سہولت کے لئے شروع کئے گئے 6 گیارنٹیز اسکیم سے استفادہ کے لئے عوام بڑے پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔ میونسپالٹی مکتھل کے ذرائع کے مطابق 6 جنوری تک مختلف بلدی وارڈس میں اس طرح کی عوامی سہولت برقرار رہے گی۔