مکتھل سرکاری دواخانہ میں ڈائیلاسیس سنٹر کا آغاز

   

ڈائیلاسیس مریضوں کیلئے اب دور جانے کی ضرورت نہیں ، رکن اسمبلی سری ہری

مکتھل ۔14 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مستقر مکتھل کے سرکاری دواخانہ میں آج ڈائیلاسیس سنٹر کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے رکن اسمبلی مکتھل مسٹر واکٹی سری ہری نے کہاکہ اب ڈائیلاسیس کے ضرورتمند مریضوں کو کہیں دور نارائن پیٹھ ، محبوب نگر اور رائچور جانے کی ضرورت نہیں بلکہ مکتھل مستقر کے سرکاری دواخانہ میں یہ سہولت فراہم کردی گئی ہے ۔ مسٹر سری ہری رکن اسمبلی مکتھل نے اس موقع پر کہا کہ صحت اﷲ کی بہت بڑی نعمت ہے ، اس کی دیکھ بھال و برقراری ہم سب کی ذمہ داری ہے ، اسی لئے ہماری یہ کوشش ہے کہ مکتھل گورنمنٹ دواخانہ کو علاج و معالجہ کے لحاظ سے اچھے اور بہتر سے بہتر و ماہر ڈاکٹرس کے ساتھ مریضوں کو تمام سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ رکن اسمبلی مکتھل مسٹر سری ہری نے آج مستقر کے سرکاری ہاسپٹل پہنچکر اس کا جائزہ لیااور اس ڈائیلاسیس مشینوں کے آغاز پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے ڈائیلاسیس کے مریضوں سے گفتگو بھی کی اور اُنھیں یقین دلایا کہ وہ دواخانہ میں دستیاب پانچ مشینوں سے مکمل استفادہ کرسکتے ہیں۔ مسٹر سری ہری نے اس موقع پر موجود صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مکتھل مستقر کے ہاسپٹل میں اس سہولت کی فراہمی سے اطراف و اکناف کے دیہی علاقوں کے عوام کیلئے آسانی ہوگئی ۔ انھوں نے اس کے لئے جنریٹر کی عاجلانہ تنصیب کا بھی تیقن دیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر ملیکاراجن ڈی سی ایچ سی کے علاوہ محترمہ ڈاکٹر ونیتا میڈیکل آفیسر مکتھل ، ڈاکٹر چندو ، ڈاکٹر کشف ریڈی ، ڈاکٹر راجیش ، فہیم الدین آفس سپرنٹنڈنٹ ، مسٹر یادگیری جونیر اسسٹنٹ کے علاوہ پارٹی قائدین مسٹر لکشما ریڈی ، چندراکانت گوڑ ، کوڈلا وینکٹیش ، بی روی کمار ، رحیم پٹیل ، محمد فیاض ڈائرکٹر زرعی مارکٹ کمیٹی مکتھل و دیگر کے علاوہ مسٹر لنگپا ٹیکنیشن انچارج ڈائیلاسیس ہاسپٹل مکتھل موجود تھے ۔