مکتھل سے موجودہ رکن اسمبلی بی آر ایس امیدوار

   

پارٹی کارکنوں کی جانب سے جشن ، کانگریس اور بی جے پی امیدواروں کیلئے عوام میں تجسس

مکتھل /23 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی مکتھل سے رکن اسمبلی مکتھل مسٹر سی رام موہن ریڈی کو بی آر ایس قیادت نے 2013 کے ریاستی اسمبلی انتخابات کیلئے دوبارہ مکتھل سے امیدوار بنایا ہے ۔ جس کے اعلان کے ساتھ ہی بی آر ایس پارٹی قائدین اور کارکنوں نے خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے پٹاخے چھوڑے اور جشن منایا ۔ مسٹر سی رام موہن ریڈی جو 2018 میں ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرتے ہوئے تقریباً ساٹھ ہزار سے زائد ووٹوں سے اپنی جیت درج کروائی تھی جبکہ 2014 میں کانگریس امدیوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ۔ مسٹر رام موہن ریڈی اپنے والد آنجہانی سی نرسی ریڈی کے نکسلائیٹ حملہ میں ہلاکت کے بعد سیاست میں قدم رکھا جس میں ان کے چھوٹے بھائی سی وینکٹشور ریڈی کی بھی موت واقع ہوئی جنہیں آنجہانی سی نرسی ریڈی کا سیاسی جانشین قرار دیا جاتا تھا ۔ مسٹر سی رام موہن ریڈی اپنے آنجہانی والد سی نرسی ریڈی کے بعد اک معیاد کے علاوہ مسلسل اسمبلی میں حلقہ مکتھل سے نمائندگی کر رہے ہیں جبکہ درمیان میں ایک پوری پانچ سالہ معیاد آنجہانی کے دیاکر ریڈی نے تلگودیشم امیدوار کی حیثیت سے نمائندگی کی ۔ جن کا ابھی چند ماہ قبل بیماری و علالت کے باعث انتقال ہوگیا ۔ موجودہ ایم ایل اے مسٹر سی رام موہن ریڈی کے بی آر ایس امیدوار کی حیثیت سے اعلان کے بعد جہاں بی آر ایس حلقوں میں خوشی و جشن کا ماحول بنا ہوا ہے ۔ وہیں پر عوام میں کانگریس امیدوار اور بی جے پی امیدوار کو لیکر عوام میں زبردست تجسس پایا جارہا ہے کہ دونوں جماعتوں سے کون امیدوار ہوگا اور سیاسی حلقوں میں مختلف سیاسی قائدین کے نامو ںکو لیکر افواہوں کا بازا ربھی گرم ہے ۔ کانگریس سے جواں سال قائد صدر ضلع کانگریس نارائن پیٹھ مسٹر سری ہری کے علاوہ آنجہانی کے دیاکر ریڈی کی اہلیہ ستیہ دیاکر ریڈی کا نام بھی زیر گشت ہے جو سابق میں رکن اسمبلی اور ضلع پریشد صدر بی رہیں ۔ اس کے علاوہ بھی چند اور نام سامنے آرہے ہیں جبکہ بی جے پی کے امیدوار کی حیثیت سے جلندھر ریڈی جو 2018 میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے قسمت آزمائی کرتے ہوئے دوسرے نمبر پر ہے کے علاوہ مکتھل بی جے پی کے سینئیر قائد مسٹر بی کونڈیا و دیگر نام سنے جارہے ہیں جبکہ بعض ذرائع سے ملی غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ایک سینئیر و تجربہ کار خاتون سیاستداں کا نام بھی لیا جارہا ہے ۔ جو پچھلے چند عرصہ قبل بی جے پی میں شامل ہوئیں جیسے جیسے انتخابات قریب ہوں گے مکتھل حلقہ اسمبلی میں دلچسپی مقابلہ آرائی کی پیش قیاسیاں کی جارہی ہیں ۔ حلقہ اسمبلی مکتھل جو کرناٹک ریاست کے ضلع رائچور کی سرحد پر دریائے کرشنا کے کنارے واقع ہے ۔ جملہ 10 منڈلوں پر مشتمل ہے اور حالیہ ریاستی اسمبلی الیکشن کیلئے جملہ پولنگ بوتھس 284 بنائے گئے ہیں جبکہ حلقہ اسمبلی مکتھل میں جملہ رائے دہندوں کی تعداد 230516 ہے جس میں مرد ووٹرس 113917 اور خاتون ووٹرس 116599 ہے جبکہ حلقہ اسمبلی مکتھل کے ریٹرننگ آفیسر کی حیثیت سے مسٹر مایا متل آئی اے ایس ایڈیشنل کلکٹر لوکل باڈیز اور مسٹر سوارنا راجو تحصیلدار مکتھل اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر ہوں گے ۔