مکتھل میں گرام پنچایت انتخابات کی تیزی سے سرگرمیاں جاری

   

منڈل کے تمام 39 گرام پنچایتوں میں 21 جنوری کو پولنگ ، منڈل پریشد آفیسر جئے نرملا کا بیان

مکتھل۔/2 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گرام پنچایت انتخابات کیلئے سرکاری اعلامیہ کے اجراء کے ساتھ ہی حلقہ اسمبلی مکتھل کے تمام دس منڈلوں میں انتخابی سرگرمیوں میں تیزی اور شدت آئی ہے اور سرکاری سطح پر انتظامات کیلئے تیزی کے ساتھ سرگرمیاں جاری ہیں۔ عیر جماعتی اساس پر منعقدہ اس انتخابات کیلئے جہاں سرکاری عہدیدارن سرگرم دکھائی دے رہے ہیں۔ وہیں پر دیہی علاقوں میں زبردست سیاسی ہماہمی محسوس کی جارہی ہے۔ مکتھل منڈل پریشد ڈیولپمنٹ آفیسر محترمہ وجئے نرملا نے مکتھل منڈل کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ مکتھل منڈل کے تمام 39 گرام پنچایتوں میں انتخابات کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور ان مقامات پر 21 جنوری کو رائے دہی ہوگی۔ جبکہ 7جنوری سے امیدوار اپنے پرچہ جات نامزدگی داخل کرسکتے ہیں اور 10 جنوری کو ان تمام داخل کردہ پرچہ جات نامزدگی کی تنقیح اور جانچ کی جائے گی اور 13 جنوری کو اپنی امیدواری سے دستبرداری اختیار کی جاسکتی ہے۔ محترمہ وجئے نرملا منڈل پریشد ڈیولپمنٹ آفیسر مکتھل کے ذرائع کے مطابق مکتھل منڈل کے جملہ 39 گرام پنچایتوں میں 5 ایس سی زمرہ کیلئے محفوظ ہیں جن میں تین خواتین کیلئے مختص ہیں جبکہ 15 گرام پنچایتیں بی سی زمرہ کیلئے محفوظ کئے گئے ہیں جن میں 8 خواتین کیلئے خاص کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 19 گرام پنچایتی جنرل کیلئے الاٹ کیا گیا ہے جس میں دس خواتین جنرل کیلئے محفوظ ہیں۔ مکتھل منڈل کے جن 39 گرام پنچایتوں میں 21 جنوری کو رائے دہی مقرر ہے ان میں سنگم بنڈہ، جیکلر، منتن گوڑا، کارٹرپلی، گڑی گنڈلہ، چٹیال ، ردرراسدرم، مادھوار، لنگم پلی، بنچ منگال، گولاپلی، شمشیر بنڈہ، پنچ دیو پاڈو، وینائے کنڈہ، کونڈا ڈوڈی، ایرمن پلی، گرولا پلی، اوپرپلی، دادن پلی، مدن پلی، گڈم پلی، ٹیکل پلی، نرسی ریڈی پلی، کرنی، داسر ڈوڈی، بھوت پور، مادھوار، خانہ پور، ان کنڈہ ، کاچوار و دیگر شامل ہیں۔