مکتھل میں ہواؤں اور بارش کی وجہ سے برقی عہدیداروں کو ضروری ہدایت

   

مکتھل ۔ رکن اسمبلی مکتھل سی رام موہن ریڈی نے مکتھل کے برقی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ و تیز ہواؤں اور بارش کے اس مسلسل اور وقفہ وقفہ سے جاری اس سلسلہ میں چوکنا رہیں اور مستقر ٹاون کے علاوہ اطراف دیہی علاقوں میں برقی کھمبوں کے گرنے اور الیکٹریکل وائروں کے ٹوٹنے کا فوری نوٹ لیتے ہوئے کسی عوامی مشکلات اور پریشانی کے بغیر اس کی یکسوئی کردیں ۔سی رام موہن ریڈی ایم ایل اے مکتھل نے مستقر ٹاون کے بعض محلہ جات کے علاوہ اطراف دیہی علاقوں سے عوامی شکایات کی وصولی اور برقی شارٹ سرکٹ سے پھیلنے والے عوامی خوف کے باعث محکمہ کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس میں ان خیالات کا اظہار کیا اور عہدیداروں کو ان اہم امور کی طرف توجہ دلائی ۔ واضح رہے کہ تیز ہواؤں اور بارش کے باعث پچھلے چند ایام سے مسلسل درختوں کے اکھڑنے اور اس سے برقی تاروں کے متاثر ہونے کے علاوہ برقی کھمبوں کے گرنے اور بار بار برقی مسدودی جیسی صورتحال درپیش تھی ۔ محکمہ الیکرٹیکل کے عہدیداروں نے مسٹر سی رام موہن ریڈی کو تیقن دیاکہ وہ کسی غفلت اور لاپرواہی کے بغیر مانسون اور ہواؤں کے اس موسم میں پوری مستعدی کے ساتھ برقی اورا س کے ساتھ پیش آنے والے حالات پر پوری نظر رکھی جائے گی ۔ اس موقع پر برقی کے اعلی عہدیداروں کے علاوہ لائن مین و دیگر معتلقہ عہدیدار موجود تھے ۔